طفیل چترویدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ظلم کو تیرے یہ طاقت نہیں ملنے والی (غزل)
ظلم کو تیرے یہ طاقت نہیں ملنے والی
دیکھ تجھ کو مری بیعت نہیں ملنے والی
لوگ کردار کی جانب بھی نظر رکھتے ہیں
صرف دستار سے عزت نہیں ملنے والی
شہر تلوار سے تم جیت گئے ہو لیکن
یوں دلوں کی تو حکومت نہیں ملنے والی
راستے میں اسے دیکھا ہے کئی روز کے بعد
آج تو رونے کو فرصت نہیں ملنے والی
شفقتیں بانٹنے کے طور بھی سیکھیں ورنہ
عمر بڑھنے سے فضیلت نہیں ملنے والی
میرؔ کی راہ کا میں آپ کلاہوں والے
آپ سے میری طبیعت نہیں ملنے والی
دل دکھا ماں کا تو پھر چین نہیں پاؤ گے
گھر کو چھوڑا تو کہیں چھت نہیں ملنے والی
غزل کا سلسلہ تھا یاد ہوگا (غزل)
غزل کا سلسلہ تھا یاد ہوگا
وہ جو اک خواب سا تھا یاد ہوگا
بہاریں ہی بہاریں ناچتی تھیں
ہمارا بھی خدا تھا یاد ہوگا
سمندر کے کنارے سیپیوں سے
کسی نے دل لکھا تھا یاد ہوگا
لبوں پر چپ سی رہتی ہے ہمیشہ
کوئی وعدہ ہوا تھا یاد ہوگا
تمہارے بھولنے کو یاد کر کے
کوئی روتا رہا تھا یاد ہوگا
بغل میں تھے ہمارے گھر تو لیکن
گلی کا فاصلہ تھا یاد ہوگا
ہمارا حال تو سب جانتے ہیں
ہمارا حال کیا تھا یاد ہوگا