پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طفیل احمد مدنی کی غزلیں — Tufail Ahmad Madni Ghazals

طفیل احمد مدنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسکرائے گا مگر بات نہیں مانے گا (غزل)

مسکرائے گا مگر بات نہیں مانے گا

دیکھ لو کر کے ملاقات نہیں مانے گا

آپ سے مانگے گا ہر شے کی دلیل محکم

یہ فسانے یہ روایات نہیں مانے گا

قول دے دے گا تو جاں دے کے نبھائے گا اسے

چاہے کیسے بھی ہوں حالات نہیں مانے گا

پیش کرنے میں جسے جذبۂ اخلاص نہ ہو

ایسے تحفے کو وہ سوغات نہیں مانے گا

ابر صحرا پہ برستا ہے تو برسے جم کر

چند بوندوں کو وہ برسات نہیں مانے گا

یوں تو اکرام کرے گا وہ سبھی کا لیکن

سب کو منجملۂ سادات نہیں مانے گا

اس سے روداد غم دل میں کہوں کیسے طفیلؔ

جب یقیں ہے کہ وہ بد ذات نہیں مانے گا

جینا ہے تو جینے کی پہلی سی ادا مانگو (غزل)

جینا ہے تو جینے کی پہلی سی ادا مانگو

فرعون سے ٹکراؤ موسیٰ سے عصا مانگو

ہر راہ میں خود چھوڑو قدموں کے نشاں اپنے

توہین ہے غیروں سے نقش کف پا مانگو

مانگوں گا بہت کچھ میں سوچا تو یہ تھا لیکن

لب ہو گئے پتھر کے جب اس نے کہا مانگو

راضی بہ رضا رہنا ہے شیوۂ اہل دل

مانگو تو بہر صورت مرضئ خدا مانگو

در پر کبھی غیروں کے جو تم کو نہ جھکنے دے

توفیق الٰہی سے کچھ ایسی انا مانگو

کس حال میں رکھا ہے دیکھیں تو ہمیں دل میں

اس شعلۂ رنگیں سے آئینہ ذرا مانگو

مستی میں طفیلؔ اس نے مجھ کو یہ دعا دی تھی

اللہ کرے پوری تم جو بھی دعا مانگو

مزید غزلیں از طفیل احمد مدنی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں