پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

توقیر چغتائی کی غزلیں — Tuaqeer Chughtai Ghazals

توقیر چغتائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہی دنیا وہی سب پہلے جیسا (غزل)

وہی دنیا وہی سب پہلے جیسا

مگر میں ہوں نہ وہ اب پہلے جیسا

میں اس کو بھولتا ہی جا رہا ہوں

بنا دے مجھ کو یا رب پہلے جیسا

مجھے اس حال تک پہنچانے والا

رہا ہے آپ بھی کب پہلے جیسا

تمہارے بعد کچھ بدلا نہیں ہے

وہی میں ہوں وہی سب پہلے جیسا

چند برتن ہیں چارپائی ہے (غزل)

چند برتن ہیں چارپائی ہے

یہی دولت یہی کمائی ہے

پیار کرتے ہیں زندگی تجھ سے

جانتے ہیں کہ تو پرائی ہے

زخم نکھرے گا درد بولے گا

اس کی خوشبو کہیں سے آئی ہے

اس کو توڑو کہ اب اسے پھاندو

تم نے دیوار خود بنائی ہے

خواب کیسے کوئی مکمل ہو

نیند آئی نہ موت آئی ہے

اے محبت وہاں خدا ہی نہیں

تو نے گردن جہاں جھکائی ہے

فون پر ہو کہ صرف چائے پر

کیا ملن ہے یہ کیا جدائی ہے

کیسے توقیرؔ شاعری ہو بھلا

جب وفا ہے نہ بے وفائی ہے

قمیض الٹی پہن لیتا ہوں وحشت میں (نظم)

قمیض الٹی پہن لیتا ہوں وحشت میں

کبھی جوتا نہیں ملتا

کئی رنگوں کے موزے ہیں مگر اچھے نہیں لگتے

ادھڑتی جا رہی ہے شرٹ جیون کی طرح

گردن سے لے کر آستینوں تک

بچھڑنے سے ذرا پہلے

جو طارق روڈ سے ہم نے خریدی تھی

تمھارے بعد کیفیت بدلتی جا رہی ہے رکھ رکھاؤ کی

پتا چلتا نہیں کچھ دن گزرنے کا نہ موسم کے بدلنے کا

تمھارے ہاتھ سے لکھے ہوئے خط پڑھتا رہتا ہوں

لفافے پر خود اپنا نام لکھ کر پوسٹ کر دیتا ہوں دوبارہ

اور اس کے بعد دن بھر ڈاکئے کی راہ تکتا ہوں

مزید غزلیں از توقیر چغتائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں