توقیر اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رہا کر مجھے یا سزا دے اے عادل (غزل)
رہا کر مجھے یا سزا دے اے عادل
کوئی فیصلہ تو سنا دے اے عادل
اسیری میں جینا ہے توہین میری
مجھے دار پر تو چڑھا دے اے عادل
کہاں عدل مجھ کو زمیں پر ملے گا
کوئی راستہ ہی دکھا دے اے عادل
مجھے اگلی تاریخ میں اب خدارا
قیامت کا دن ہی بتا دے اے عادل
وہ مجرم ہے اس کی جگہ ہے کٹہرا
اسے تخت سے تو اٹھا دے اے عادل
رعایا پہ قانون جو چل رہا ہے
وہی حاکموں پہ چلا دے اے عادل
فقط جو کتابوں میں دم لے رہا ہے
وہ قانون سارا جلا دے اے عادل
کہیں میں نہ اپنی عدالت لگا لوں
مرے مجرموں کو سزا دے اے عادل
وکیلوں کا بکنا عیاں ہو چکا ہے
تو اپنی حقیقت دکھا دے اے عادل
کبھی بھاگ پائیں نہ جس سے یہ غاصب
کوئی جیل ایسی بنا دے اے عادل
قافلے سے بھروسا اٹھانا پڑا (غزل)
قافلے سے بھروسا اٹھانا پڑا
اپنا رستا مجھے خود بنانا پڑا
انگلیاں تھام کر چلنے کی عمر تھی
جب مجھے بوجھ اپنا اٹھانا پڑا
آج پھر پاس اپنے کرایہ نہ تھا
مدرسے پا پیادہ ہی جانا پڑا
دوستوں نے تو پھر بھی توقف کیا
قرض بھائی کا پہلے چکانا پڑا
آب رحمت نے شب جو چھوا کھاٹ کو
گھر پڑوسی کے بستر لگانا پڑا
طفل جب بلبلایا کڑی بھوک سے
بیچ کر خون بھی دودھ لانا پڑا
ان سے میراث پوچھو نہ اے دوستو
بوجھ قرضوں کا جن کو اٹھانا پڑا
سب ہی نکلے جو دیپکؔ نمک پاش تو
خود ہی زخموں پہ مرہم لگانا پڑا