پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

توفیق ساگر کی غزلیں — Toufeeq Sagar Ghazals

توفیق ساگر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پرواز کا تھا شوق مجھے آسمان تک (غزل)

پرواز کا تھا شوق مجھے آسمان تک

بجلی گری تو جل گئے کھیتوں کے دھان تک

کچے گھروں کے گاؤں میں برسات رہ گئی

پکی سڑک بنی بھی تو پکے مکان تک

کیسے بتاؤں تم کو اولمپک میں کیا ہوا

میری تو اپنی دوڑ ہے گھر سے دکان تک

پروردگار میرے گناہوں کو بخش دے

مجھ کو سنائی دیتی نہیں اب اذان تک

بچے نے کوئلہ جو چرایا سزا ملی

ان کی سناؤ بیچ گئے جو کھدان تک

آیا وہ مسکرا کے مرا زخم لے گیا

اک شخص جس پہ میں نے دیا تھا نہ دھیان تک

فصلوں کا خواب بھوک کی آنکھوں میں رہ گیا

گاؤں کے کھیت کھا گئے لیکن کسان تک

اک لڑکی اپنے اپنے آپ میں گھٹ گھٹ کے مر گئی

گھر تک خبر گئی نہ کبھی خاندان تک

اس بار بال و پر ہی نہ کاٹے گئے فقط

قینچی کتر گئی ہے مرا آسمان تک

گھر گھر میں جھانکتی ہے یہاں تیسری نظر

رہتی ہے کوئی بات کہاں درمیان تک

ساگرؔ یہ فیصلہ بھی کوئی فیصلہ ہوا

جس میں لیا گیا نہ ہو میرا بیان تک

ریشم ریشم تتلی دیکھوں خواب نگر کی وادی میں (غزل)

ریشم ریشم تتلی دیکھوں خواب نگر کی وادی میں

کس کی خوشبو پھیل رہی ہے دل کی ویراں بستی میں

ست رنگی سپنوں میں چہرہ ست رنگی ہو جائے ہے

اندر دھنش کا رنگ ملا ہے تمرے نام کی ہلدی میں

یوں تو بابلی کے پنگھٹ پر سکھیوں کے سنگ بیٹھی ہوں

لیکن من کی گوری چپکے چپکے اترے پانی میں

ہاتھوں کی مہندی جو تمہارے نام کی مالا جپتی ہے

بجلی جیسی دوڑ پڑے ہے نازک نازک انگلی میں

آؤ سانسوں کے پاؤں میں یوں پائل ہم پہنا دیں

میری مانگ کے جگمگ تارے چمکے تمری پگڑی میں

شیشے کے سپنوں کو لے کر پیار کی خاطر آئی ہوں

ہاتھ مرا تم تھام کے چلنا جیون کی پگڈنڈی میں

رشتوں کے بندھن کو توڑے آج سجن گھر آئی ہوں

لے کر کچھ یادوں کی گویا بچپن کی اک پیٹی میں

ہلکی ہلکی بوندا باندی پھر بھی گلیاروں میں ہے

گیت ملن کا گونج رہا ہے یوں تو من کی وادی میں

انجانی الجھن ہے پھر بھی سکھ کے موسم میں ساگرؔ

جانے جگنو کس کو ڈھونڈے اندھیاروں کی بستی میں

مزید غزلیں از توفیق ساگر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں