پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

توصیف تابش کی غزلیں — Tousief Tabish Ghazals

توصیف تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے قراری سی بے قراری ہے (غزل)

بے قراری سی بے قراری ہے

اب یہی زندگی ہماری ہے

میں نے اس کو پچھاڑنا ہے میاں

میری سائے سے جنگ جاری ہے

عشق کرنا بھی لازمی ہے مگر

مجھ پہ گھر کی بھی ذمہ داری ہے

پیار ہے مجھ کو زندگی سے بہت

اور تو زندگی سے پیاری ہے

میں کبھی خود کو چھوڑتا ہی نہیں

میری خود سے الگ سی یاری ہے

شہر کا شہر سو گیا تابشؔ

اب مرے جاگنے کی باری ہے

کچھ نے آنکھیں کچھ نے چہرہ دیکھا ہے (غزل)

کچھ نے آنکھیں کچھ نے چہرہ دیکھا ہے

سب نے تجھ کو تھوڑا تھوڑا دیکھا ہے

تم پر پیاس کے معنی کھلنے والے نہیں

تم نے پانی پی کر دریا دیکھا ہے

جن ہاتھوں کو چومنے آ جاتے تھے لوگ

آج انہیں ہاتھوں میں کاسہ دیکھا ہے

روتی آنکھیں یہ سن کر خاموش ہوئیں

ملبے میں اک شخص کو زندہ دیکھا ہے

بابا بولا میری قسمت اچھی ہے

اس نے شاید ہاتھ تمہارا دیکھا ہے

لگتا ہے میں پیاس سے مرنے والا ہوں

میں نے کل شب خواب میں صحرا دیکھا ہے

اندھی دنیا کو میں کیسے سمجھاؤں

ان آنکھوں سے میں نے کیا کیا دیکھا ہے

قیدی رات کو بھاگنے والا ہے تابشؔ

اس نے خواب میں خفیہ رستہ دیکھا ہے

مزید غزلیں از توصیف تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں