توصیف تبسم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کاش اک شب کے لیے خود کو میسر ہو جائیں (غزل)
کاش اک شب کے لیے خود کو میسر ہو جائیں
فرش شبنم سے اٹھیں اور گل تر ہو جائیں
دیکھنے والی اگر آنکھ کو پہچان سکیں
رنگ خود پردۂ تصویر سے باہر ہو جائیں
تشنگی جسم کے صحرا میں رواں رہتی ہے
خود میں یہ موج سمو لیں تو سمندر ہو جائیں
وہ بھی دن آئیں یہ بے کار گزرتے شب و روز
تیری آنکھیں ترے بازو ترا پیکر ہو جائیں
اپنی پلکوں سے جنہیں نوچ کے پھینکا ہے ابھی
کیا کرو گے جو یہی خواب مقدر ہو جائیں
جو بھی نرمی ہے خیالوں میں نہ ہونے سے ہے
خواب آنکھوں سے نکل جائیں تو پتھر ہو جائیں
دل کی بات نہ مانی ہوتی عشق کیا کیوں پیری میں (غزل)
دل کی بات نہ مانی ہوتی عشق کیا کیوں پیری میں
اپنی مرضی بھی شامل ہے اپنی بے توقیری میں
درد اٹھا تو ریزہ دل کا گوشۂ لب پر آن جما
خوش ہیں کوئی نقش تو ابھرا بارے بے تصویری میں
قید میں گل جو یاد آیا تو پھول سا دامن چاک کیا
اور لہو پھر روئے گویا بھولے نہیں اسیری میں
جانے والے چلے گئے پر لمحہ لمحہ ان کی یاد
دکھ میلے میں انگلی تھامے ساتھ چلی دل گیری میں
طوق گلے کا پاؤں کی بیڑی آہن گر نے کاٹ دیئے
اپنے آپ سے باہر نکلے زور کہاں زنجیری میں
شکر ہے جتنی عمر گزاری نان و نمک کی فکر نہ تھی
ہاتھ کا تکیہ خاک کا بستر حاصل رہے فقیری میں
اگر خاک پر خیمۂ گل لگے (نظم)
اگر خاک پر خیمۂ گل لگے
تو اسے یاد کرنا
اگر شب کے پچھلے پہر ایک روشن ستارہ شان سفر ہو
تو خود اپنے ہونے کا احساس جاگے
زمیں آنکھ کھولے
تو پھر وہ کہانی سنے
جس کو سنتے ہوئے پچھلی شب اس کو نیند آ گئی تھی
دھوئیں اور کائی کا ہم رنگ موسم
پرانے لبادے اتارے
ہرے خواب پہنے
تو یہ درد کی خستگی ہم نشینی کی لذت سے سرشار ہو
گھنے جنگلوں سے اگر کوئی جھونکا
گزرتے ہوئے جھولیاں بھر کے پتے لٹائے
اگر کشور خواب پر کوئی شب خون مارے
اسے یاد کرنا
اسے یاد رکھنا