توقیر زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی تجھ سے بہت آج میں شرمندہ ہوں (غزل)
زندگی تجھ سے بہت آج میں شرمندہ ہوں
موت ہر سانس میں آتی ہے مگر زندہ ہوں
جب کوئی راگ میں چھیڑوں تو برستا ہے لہو
جس کا ہر ساز شکستہ ہے وہ سازندہ ہوں
جھوٹ ہوتا نہ جو سچ بھی نہ جہاں میں ہوتا
تیرگی ساتھ ہے اس واسطے تابندہ ہوں
مجھ کو آتا نہیں دنیا کی غلامی کرنا
اپنے جذبات و خیالات کا کارندہ ہوں
مر کے بھی زندہ میں ہو جاؤں گا مجھ کو ہے یقیں
موت کو آئے گی خود موت میں پایندہ ہوں
اپنے ناخن سے جو چھیڑوں تو مزہ آتا ہے
دل کے سوکھے ہوئے زخموں کا میں خارندہ ہوں
سچ ہے توقیرؔ کہ کیچڑ میں کنول کھلتا ہے
بے وفا شہر ہے جس شہر کا باشندہ ہوں
آہ زخمی ہے دل شکستہ ہے (غزل)
آہ زخمی ہے دل شکستہ ہے
ہائے آنکھوں سے خوں برستا ہے
ہو گئی ہیں لہو لہو سانسیں
روح کو آ کے کوئی ڈستا ہے
آ گیا ہے تو جا نہیں سکتا
دل کی دنیا میں کوئی بستا ہے
فرق کوئی نہیں ہے دونوں میں
زندگی موت ہی کا رستہ ہے
ساری دنیا میں مہنگا ہے پانی
خوں زمانے میں آج سستا ہے
لاش اپنی لئے بھٹکتا ہوں
جسم ہے روح کو ترستا ہے
ایک دل ہی نہیں ہے اے توقیرؔ
روح زخمی ہے جسم خستہ ہے