توقیر تقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لفظ کی قید سے رہا ہو جا (غزل)
لفظ کی قید سے رہا ہو جا
آ مری آنکھ سے ادا ہو جا
پھینک دے خشک پھول یادوں کے
ضد نہ کر تو بھی بے وفا ہو جا
خشک پیڑوں کو کٹنا پڑتا ہے
اپنے ہی اشک پی ہرا ہو جا
چھیڑ اس حبس میں مہکتی غزل
اور در کھولتی ہوا ہو جا
سنگ برسا رہے ہیں شہر کے لوگ
تو بھی یوں ہاتھ اٹھا دعا ہو جا
خود کو پہچان ادھر ادھر نہ بھٹک
اپنے مرکز پہ دائرہ ہو جا
اور پھر ہو گیا میں آئینہ رو
اس نے اک بار ہی کہا ہو جا
کہیں اندر سے آج بھی توقیرؔ
اک صدا آتی ہے مرا ہو جا
روٹھ کر آنکھ کے اندر سے نکل جاتے ہیں (غزل)
روٹھ کر آنکھ کے اندر سے نکل جاتے ہیں
اشک بچوں کی طرح گھر سے نکل جاتے ہیں
سبز پیڑوں کو پتہ تک نہیں چلتا شاید
زرد پتے بھرے منظر سے نکل جاتے ہیں
اس گزر گاہ محبت میں کہاں آ گیا میں
دوست چپ چاپ برابر سے نکل جاتے ہیں
تم تراشے ہوئے بت ہو کسی محراب کے بیچ
ہم زوائد ہیں جو پتھر سے نکل جاتے ہیں
ساحلی ریت میں کیا ایسی کشش ہے کہ گہر
سیپ میں بند سمندر سے نکل جاتے ہیں
میں ترے ہجر سے نکلوں گا تو مر جاؤں گا
ہائے وہ لوگ جو محور سے نکل جاتے ہیں
آخرش صبح قیامت کی اذاں آتی ہے
اور ہم شام کے لشکر سے نکل جاتے ہیں