پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

توقیر رضا کی غزلیں — Tauqeer Raza Ghazals

توقیر رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آ گئی دھوپ مری چھاؤں کے پیچھے پیچھے (غزل)

آ گئی دھوپ مری چھاؤں کے پیچھے پیچھے

تشنگی جیسے ہو صحراؤں کے پیچھے پیچھے

نقش بنتے گئے اک پاؤں سے آگے آگے

نقش مٹتے گئے اک پاؤں کے پیچھے پیچھے

تم نے دل نگری کو اجڑا ہوا گاؤں جانا

ورنہ اک شہر تھا اس گاؤں کے پیچھے پیچھے

نیند برباد ہے خوناب ہیں آنکھیں پھر تو

گر چلوں قافیہ پیماؤں کے پیچھے پیچھے

عقل ہر خواب کی تعبیر کے پیچھے بھاگے

دل ازل ہی سے ہے آشاؤں کے پیچھے پیچھے

ان سنے ایک بلاوے نے اجاڑے آنگن

برکتیں اٹھ گئیں سب ماؤں کے پیچھے پیچھے

وسوسے روک کے بیٹھے ہیں ہمارا رستہ

حادثے ہیں کہ لگے پاؤں کے پیچھے پیچھے

ہو کے رہنا ہے کسی روز اسے بھی روشن

وہ جو اک بھید ہے ریکھاؤں کے پیچھے پیچھے

اہل دل ڈھونڈ کوئی ایسے چلے گا کب تک

اپنی بے سود تمناؤں کے پیچھے پیچھے

اپنے بڑھتے ہوئے گستاخ قدم روک رضاؔ

غوث و ابدال چلے ماؤں کے پیچھے پیچھے

وہ جو اک الزام تھا اس پر کہیں (غزل)

وہ جو اک الزام تھا اس پر کہیں

آ نہ جائے اب ہمارے سر کہیں

جس کی خاطر قافلہ روکا گیا

وہ مسافر چل دیا اٹھ کر کہیں

جب وہ دو پنچھی ملے تھے کھیت میں

پھر نظر آ جائے وہ منظر کہیں

خواہشوں کے غار کا منہ بند ہے

تم ہٹا دینا نہ وہ پتھر کہیں

آسماں سے آنے والے سات رنگ

تھے کسی کے، آ کے اترے، پر کہیں

دل کی اک امید دل میں رہ گئی

اک دیا سا بجھ گیا جل کر کہیں

لاپتہ ہے اک سمندر آج تک

جھانک بیٹھا تھا مرے اندر کہیں

ڈس نہ لے مجھ کو کہیں خوشبو تری

کھا نہ جائے مجھ کو یہ بستر کہیں

آ گیا وہ جسم کے ملبے تلے

میں گرا دہلیز سے باہر کہیں

دھوپ کے لمبے سفر کے بعد ہم

سانس لیں گے سائے میں رک کر کہیں