پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

توقیر جرولی کی غزلیں — Tauqeer Jarwali Ghazals

توقیر جرولی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم تو جمال شہر میں رہ کر سنبھل گئے (غزل)

ہم تو جمال شہر میں رہ کر سنبھل گئے

اور تم خلائے عشق میں کیسے پھسل گئے

پہلے وہ خوشبو دیتے تھے دالان قلب میں

پھر عمر بھر وہ ہجر کی بھٹی میں جل گئے

رستے میں ہم کھڑے رہے ملنے کی آس میں

اور وہ رقیب شہر سے ہو کر نکل گئے

اتنے بھی سستے لوگ ہیں ایمان بیچ کر

پھینکے ہوئے جو لوگوں کے ٹکڑوں پہ پل گئے

اتنا بھی ظلم ٹھیک نہیں بے قصور پر

پلکوں کی ضرب سے مرے آنسو کچل گئے

قیمت لگی ہوئی تھی مرے سر کی سازشاً

اچھا ہوا کہ جنگ کے امکان ٹل گئے

دیار فکر میں شب بھر تجھے کھنگالا ہے (غزل)

دیار فکر میں شب بھر تجھے کھنگالا ہے

پھر اس کے بعد ترے عکس کو نکالا ہے

صدا تمہیں دیں تو دروازے کھل گئے سب کے

تمہارے شہر کا دستور ہی نرالا ہے

دھڑکتے دل نے ترے در پہ دم جو توڑ دیا

تری جدائی کے سورج نے مار ڈالا ہے

عجب سی خوشبو مسلط ہے نرم ہاتھوں میں

یہ کس نے میرے گریباں پہ ہاتھ ڈالا ہے

کنواری پلکوں پہ جب ہونٹ رکھ دیا اس نے

میں کشمکش میں تھا سورج ہے یہ کہ جھالا ہے

یہاں پہ ذات کو ترجیح کون دیتا ہے

حسین گل کا گلستاں میں بول بالا ہے

تمہارے خط پہ ہے آنسو کا بے زباں قطرہ

میں جانتا ہوں محبت کا یہ حوالہ ہے

سرہانے آ کے وہ روتا ہے خواب میں میرے

میں جانتا ہوں محبت کا یہ ازالہ ہے

مزید غزلیں از توقیر جرولی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں