پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

توحید زیب کی غزلیں — Tauheed Zeb Ghazals

توحید زیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کی باتوں پہ جو حیران نہیں ہوتے ہیں (غزل)

اس کی باتوں پہ جو حیران نہیں ہوتے ہیں

اس کے نزدیک وہ انسان نہیں ہوتے ہیں

ہم جو اظہار نہیں کرتے تو اس کا مطلب

تو سمجھتا ہے پریشان نہیں ہوتے ہیں

ان میں تو قید کیا جاتا ہے احساس جرم

آدمی کے لیے زندان نہیں ہوتے ہیں

پھول سجتے ہیں یہاں گیسوئے روشن میں فقط

گل بدن کے لیے گلدان نہیں ہوتے ہیں

آج مرکز میں کوئی مر گیا شاید ورنہ

مرکزی راستے سنسان نہیں ہوتے ہیں

دنیا داروں کی نہ باتوں میں تم آنا کہ یہاں

اتنے بھی عالم امکان نہیں ہوتے ہیں

بالوں میں جیسے چپکی ہو چیونگم بری طرح (غزل)

بالوں میں جیسے چپکی ہو چیونگم بری طرح

آئے کسی کے جھانسے میں ہم بھی اسی طرح

تیری نظر سے دیکھیں تو دنیا حسین ہے

لیکن ہمیں نظر بھی تو آئے تری طرح

کار جہاں ہمی سے رواں ہے کہ ہم میں بھی

تاب نمو ہے پردۂ افلاک کی طرح

قسمیں اٹھا رہے ہیں وہ بھی تیرے نام کی

جو لوگ جانتے نہیں تجھ کو کسی طرح

پامال راستوں سے گریزاں رہے ہیں ہم

کی ہیں پرانی باتیں بھی لیکن نئی طرح

اس نے مجھے گلے سے لگا کر کہا : سنو

مردہ دلوں کو کرتے ہیں زندہ اسی طرح

تماشا گر خدا نہیں مگر وہ جانتا ہے کپکپاہٹوں کے دام (نظم)

تماشا گر خدا نہیں مگر وہ جانتا ہے کپکپاہٹوں کے دام

سسکیوں کا اہتمام

اور صبر کا نظام

سو اگر تماش بین کرسیوں کے درمیاں کہیں

سہارا ڈھونڈنے لگیں تو وہ

بغل سے ایک حادثہ نکال کر اچھال دیتا ہے

تماش بین دل جگر تمام

تھام کر

نظر سے اضطراب پونچھ لیتے ہیں

کہانی چل نکلتی ہے

کہانیوں کے بیچ حادثہ سمندری جہاز کی طرح بکھر بکھر کے چلتا ہے

عجب نہیں یہ دفتر کائنات کا چلن

تماشا گر کا پیٹ حادثوں سے پلتا ہے

مزید غزلیں از توحید زیب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں