توحید کامل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نصیحتاً وہ جو تھپڑ رشید کر دیتا (غزل)
نصیحتاً وہ جو تھپڑ رشید کر دیتا
سیاہ زیست کو میری سفید کر دیتا
خدا پرستوں کی بستی میں یہ دکان نہ تھی
تجھے کہاں سے برائی خرید کر دیتا
شکایتیں نہیں کیں ہم نے صبر کر ڈالا
وگرنہ ابر تو بارش شدید کر دیتا
نہیں تھے پھول تو کانٹے پہن کے آ جاتے
لگا کے رنگ حویلی جدید کر دیتا
مری نگاہ میں لالچ کا کوئی پیڑ نہ تھا
وگرنہ یہ مری خواہش مزید کر دیتا
خوش فہمئ سخن میں اگر بول جائے گا (غزل)
خوش فہمئ سخن میں اگر بول جائے گا
خود اپنے ہاتھوں اپنا بھرم کھول جائے گا
ہر اچھا دوست تجھ کو لگے گا خراب سا
جب زہر زندگی میں کوئی گھول جائے گا
اپنے برہنہ تن پہ حیا کا لباس رکھ
میزان زر میں ورنہ کوئی تول جائے گا
اپنی اڑان سے یونہی اڑتا رہا تو ٹھیک
ورنہ وہ پستیوں کی طرف ڈول جائے گا
کرتا نہیں جو قدر کبھی ماہ و سال کی
ہر لمحہ اس کی زیست کا بے مول جائے گا
کاملؔ کسی غزل میں تو اپنی انا کو ڈھال
کوئی تو نفسیانی گرہ کھول جائے گا