پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

توفیق حیدرآبادی کی غزلیں — Taufeeq Hyderabadi Ghazals

توفیق حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس نے کہا ہستی تری میں نے کہا جلوا ترا (غزل)

اس نے کہا ہستی تری میں نے کہا جلوا ترا

اس نے کہا پھر نیستی میں نے کہا پردا ترا

اس نے کہا جانا مرا میں نے کہا میری اجل

اس نے کہا پھر زندگی میں نے کہا آنا ترا

اس نے کہا شام بلا میں نے کہا گیسو ترے

اس نے کہا صبح صفا میں نے کہا چہرا ترا

اس نے کہا باران غم میں نے کہا رونا مرا

اس نے کہا برق ستم میں نے کہا ہنسنا ترا

اس نے کہا تو کون ہے میں نے کہا نقش قدم

اس نے کہا منزل تری میں نے کہا کوچہ ترا

اس نے کہا کیا کام ہے میں نے کہا خدمت تری

اس نے کہا کیا نام ہے میں نے کہا بندا ترا

اس نے کہا دل لے گیا میں نے کہا ہاں لے گیا

اس نے کہا وہ کون تھا میں نے کہا غمزہ ترا

اس نے کہا کیا دل میں ہے میں نے کہا الفت تری

اس نے کہا کیا سر میں ہے میں نے کہا سودا ترا

اس نے کہا کس سے گلہ میں نے کہا تقدیر سے

اس نے کہا تقدیر کیا میں نے کہا منشا ترا

اس نے کہا شب کون تھا میں نے کہا توفیقؔ تھا

اس نے کہا وہ کون ہے میں نے کہا شیدا ترا

کبھی پردہ در ہوں میں راز کا کبھی ہوں میں پردۂ راز میں (غزل)

کبھی پردہ در ہوں میں راز کا کبھی ہوں میں پردۂ راز میں

کہ حقیقت اک مری مشترک ہے حقیقت اور مجاز میں

یہ کہاں کے جلوے سما گئے یہ کہاں کی حیرتیں چھا گئیں

کہ ہزاروں آئنہ لگ گئے ہیں نگاہ آئنہ ساز میں

کبھی تو بھی طالب رحم ہو کبھی تو بھی غیر پہ جان دے

کبھی جلوہ گر ہو خدا کرے ترا ناز میرے نیاز میں

کبھی یہ بھی دیکھتے دیکھتے مری آنکھ سے نہ ٹپک پڑے

کہ گداز عالم خون دل ہے مرے جگر کے گداز میں

نہ کروں سلام جو کعبہ کو نہ کروں جو سجدہ تو کیا کروں

ہے خیال بت مرے سامنے میں کھڑا ہوا ہوں نماز میں

تری برق جلوہ جلا چکی تھی اٹھا کے پردۂ رخ مگر

مری بے خودی نے چھپا لیا مجھے اپنے پردۂ راز میں

مری شہرتیں مجھے کھینچ لائیں فریب دے کے وگرنہ میں

وہ طلسم عالم راز ہوں کہ رہا ہوں مدتوں راز میں

کسی طرح ہو تو گئی سحر مگر اب یہ ڈر ہے لگا ہوا

مری شام غم نہ شریک ہو کہیں ان کی زلف دراز میں

وہ طلسم گمشدگی ہوں میں کہ بقا ہے اپنی فنا مجھے

مری خامشی ہے نوا گری میں نہاں ہوں پردۂ ساز میں

مزید غزلیں از توفیق حیدرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں