تسنیم عباس قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ممکن ہے گر تو سارے کا سارا اٹھا کے بھاگ (غزل)
ممکن ہے گر تو سارے کا سارا اٹھا کے بھاگ
ورنہ کھنڈر سے یاد کا ملبہ اٹھا کے بھاگ
پورا اٹھا کے بھاگ یا آدھا اٹھا کے بھاگ
اب آ گیا ہے تو غم دنیا اٹھا کے بھاگ
کوئی زمانہ آیا نہیں ہے کسی کو راس
بہتر یہی ہے اپنا زمانہ اٹھا کے بھاگ
ڈھونڈے سے بھی ملے گا تماشائی کب یہاں
قحط الرجال میں تو تماشا اٹھا کے بھاگ
تشنہ لبی کا اب جو گلہ کر رہا ہے دوست
کس نے کہا تھا سر پہ تو صحرا اٹھا کے بھاگ
منزل ترے نصیب میں لکھی نہیں گئی
رستہ ہی دستیاب ہے رستہ اٹھا کے بھاگ
تسنیمؔ آخرش تجھے بننا ہے رزق خاک
فی الحال اپنے حصے کا دانہ اٹھا کے بھاگ
کیا اور کیوں یہ کیسے ہوا جب سمجھ لیا (غزل)
کیا اور کیوں یہ کیسے ہوا جب سمجھ لیا
ظرف دعا کو ہم نے لبالب سمجھ لیا
دل میں ہے کیا وہ جانتا ہے سب سمجھ لیا
ترک طلب کو مانگنے کا ڈھب سمجھ لیا
ماں باپ کا جو مرتبہ منصب سمجھ لیا
سمجھو کہ تم نے دین ادب سب سمجھ لیا
تم کو بھلائے جانے کے نادیدہ خوف سے
ہم نے تمہاری یاد کو اوجب سمجھ لیا
خود سے تمام عمر شناسا نہ ہو سکے
دنیا نے جانے کیسے ہمیں کب سمجھ لیا
تسنیمؔ کے زمیں پہ ٹھہرتے نہیں قدم
مفرد کو اس نے جب سے مرکب سمجھ لیا