تسنیم کوثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
معیار اپنا ہم نے گرایا نہیں کبھی (غزل)
معیار اپنا ہم نے گرایا نہیں کبھی
جو گر گیا نظر سے وہ بھایا نہیں کبھی
ہم آشنا تھے موجوں کے برہم مزاج سے
پانی پہ کوئی نقش بنایا نہیں کبھی
حرص و ہوس کو ہم نے بنایا نہیں شعار
اور اپنا اعتبار گنوایا نہیں کبھی
اک بار اس کی آنکھوں میں دیکھی تھی بے رخی
پھر اس کے بعد یاد وہ آیا نہیں کبھی
تنہائیوں کا راج ہے دل میں تمھارے بعد
ہم نے کسی کو اس میں بسایا نہیں کبھی
تسنیمؔ جی رہے ہیں بڑے حوصلے کے ساتھ
ناکامیوں پہ شور مچایا نہیں کبھی
رنگ بھرنا کبھی خاکوں میں کہانی لکھنا (غزل)
رنگ بھرنا کبھی خاکوں میں کہانی لکھنا
داستاں غم کی کوئی یاد پرانی لکھنا
دیکھنا جو بھی سمو دینا اسے لفظوں میں
کبھی اوروں کی کبھی اپنی کہانی لکھنا
کھولنا جب کبھی گزرے ہوئے لمحوں کے کواڑ
صبح ارمان بھری شام سہانی لکھنا
پہلے رکھ دینا چراغوں کو سر راہ گزر
پھر کسی بھٹکے مسافر کی کہانی لکھنا
کبھی رم جھم کبھی خوشبو تو کبھی باد نسیم
اس کے لہجے کو بہاروں کی جوانی لکھنا
یاد میں اس کی جو تکیے کو بھگو دیتے ہیں
ان کو موتی ہی نہیں لعل یمانی لکھنا
درد اور پیار میں کیا رشتہ ہے اس کو بھی کبھی
دے جو مہلت تمہیں اشکوں کی روانی لکھنا
چند اشعار سے کیا ہوگی تسلی تسنیمؔ
لکھنے بیٹھی ہو تو اب ساری کہانی لکھنا
محبت ہم سے کرنی ہے (نظم)
محبت ہم سے کرنی ہے
تو پھر وعدہ نہیں کرنا
یہ وعدے ہم نے دیکھا ہے کہ اکثر ٹوٹ جاتے ہیں
تو پھر ضد بھی نہیں کرنی
اسی ضد سے یہ دیکھا ہے کہ ساتھی چھوٹ جاتے ہیں
تو پھر تحفہ نہیں دینا
یہ تحفے ہم نے دیکھا ہے بہت مجبور کرتے ہیں
تو پھر شکوہ نہیں کرنا
کہ شکوے ہم نے دیکھا ہے دلوں کو دور کرتے ہیں
محبت کے حسیں لمحوں میں یہ رنجور کرتے ہیں