تسنیم کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جہاں جہاں گئے پھولوں کی انجمن دیکھی (غزل)
جہاں جہاں گئے پھولوں کی انجمن دیکھی
مرا بہار سے عہد الست ہے اے دوست
کسی کو پیاس عطا ہو کسی کو جام ملے
غم حیات کی یہ سرگزشت ہے اے دوست
اس آبرو کو تری خوئے دلبری کی قسم
یہ دلبری بھی مری بازگشت ہے اے دوست
ہلال بن کے عیاں ہیں گلاب بن کے کھلے
رہ وفا میں یہی پیش رفت ہے اے دوست
حیات بڑھتی گئی پرچم وفا لے کر
نہ ان کی فتح نہ میری شکست ہے اے دوست
اب ان کی یاد پہ بھی حکم امتناعی ہے
دیار دل میں نیا بندوبست ہے اے دوست
نہ رہنما نہ کسی راہزن کی فکر کرو (غزل)
نہ رہنما نہ کسی راہزن کی فکر کرو
گری ہے برق جہاں اس چمن کی فکر کرو
تمہیں سے حسن گلستاں تمہیں سے رنگ بہار
سجی سجائی ہوئی انجمن کی فکر کرو
کمند چاند ستاروں پہ ڈالنے والو
دراز دستیٔ چرخ کہن کی فکر کرو
تم اپنی کاکل عنبر فشاں نہ بکھراؤ
خرد کے شانۂ مشاطہ فن کی فکر کرو
ادائے حسن کی معصومیت پہ شک نہ کرو
نگاہ ساقیٔ پیماں شکن کی فکر کرو
زمین شعر و سخن شعلہ بار ہے تسنیمؔ
تم اس زمیں میں نہ شعر و سخن کی فکر کرو