تسنیم حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل سے تیری یاد کا اک پل جدا ہوتا نہیں (غزل)
دل سے تیری یاد کا اک پل جدا ہوتا نہیں
ورنہ ان تاروں بھری راتوں میں کیا ہوتا نہیں
میں ہی میں ہوتی ہوں اپنے عالم امکان میں
تو ہی تو ہوتا ہے کوئی دوسرا ہوتا نہیں
صبر ہی کرنا ہے اس کا شہر ہے اور شہر میں
واقعہ ہوتا نہیں یا حادثہ ہوتا نہیں
غیر تو پھر غیر ہے کیا وقت کو الزام دوں
جب مرا ہوتے ہوئے بھی دل مرا ہوتا نہیں
ضبط کس کا صبر کس کا کس کا دل کس کی وفا
عشق میں کوئی کسی کا آشنا ہوتا نہیں
جس کی خاطر دشمنی تسنیمؔ دنیا سے ہوئی
دیکھیے وہ بھی مرا ہوتا ہے یا ہوتا نہیں
تیری مثال آنکھوں میں تمثیل ہو گئی (غزل)
تیری مثال آنکھوں میں تمثیل ہو گئی
دھڑکن ہزار رنگوں میں تبدیل ہو گئی
تیری نظر کی چھاؤں تو بادل سے کم نہ تھی
پھیلی مری زمین پہ میں جھیل ہو گئی
کیسی بدن کی قربتیں اور کیسی چاہ وصل
جب روح تیری روح میں تحلیل ہو گئی
چوما جو اس نے ہاتھ تو محسوس یوں ہوا
تقدیر زندگی تری تکمیل ہو گئی
نوک قلم پہ آخری قطرہ لہو کا تھا
ٹپکا تو میری ذات کی تشکیل ہو گئی
سب کی نظر میں آج نہایت شریف ہوں
حد سے زیادہ میری جو تذلیل ہو گئی
گھر میرا میرے بچوں کی پہچان بن گیا
ہر ریت اور رسم ہی تبدیل ہو گئی