تسنیم فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نظر نظر سے ملا کر شراب پیتے ہیں (غزل)
نظر نظر سے ملا کر شراب پیتے ہیں
ہم ان کو پاس بیٹھا کر شراب پیتے ہیں
اسی لیے تو اندھیرا ہے مے کدہ میں بہت
یہاں گھروں کو جلا کر شراب پیتے ہیں
ہمیں تمہارے سوا کچھ نظر نہیں آتا
تمہیں نظر میں سجا کر شراب پیتے ہیں
انہیں کے حصہ میں آتی ہے پیاس بھی اکثر
جو دوسروں کو پلا کر شراب پیتے ہیں
صدیوں لہو سے دل کی حکایت لکھی گئی (غزل)
صدیوں لہو سے دل کی حکایت لکھی گئی
میری وفا گئی نہ تری بے رخی گئی
دل دے کے اس کو چھوٹ گئے اپنے آپ سے
اس سے چھٹے تو ہاتھ سے دنیا چلی گئی
یاد آئی اپنی خانہ خرابی بہت مجھے
دیوار جب بھی شہر میں کوئی چنی گئی
اس کو بھی چھیڑ چھاڑ کا انداز آ گیا
دیکھا مجھے تو جان کے انگڑائی لی گئی
ناخن کے چاند زلف کے بادل لبوں کے پھول
کس اہتمام سے تجھے تشکیل دی گئی
لمحے کو زندگی کے لیے کم نہ جانیے
لمحہ گزر گیا تو سمجھیے صدی گئی
تم کیا پیو گے چوم کے رکھ دو لبوں سے جام
تسنیمؔ یہ شراب ہے کتنوں کو پی گئی