پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

توقیر عباس کی غزلیں — Tauqeer Abbas Ghazals

توقیر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ٹھہرے پانی پہ ہاتھ مارا تھا (غزل)

ٹھہرے پانی پہ ہاتھ مارا تھا

دوستوں کو کہاں پکارا تھا

چھوڑ آیا تھا میز پر چائے

یہ جدائی کا استعارا تھا

روح دیتی ہے اب دکھائی مجھے

آئینہ آگ سے گزارا تھا

میری آنکھوں میں آ کے راکھ ہوا

جانے کس دیس کا ستارا تھا

وہ تو صدیوں سے میری روح میں تھا

عکس پتھر سے جو ابھارا تھا

زندگی اور کچھ نہ تھی توقیرؔ

طفل کے ہاتھ میں غبارہ تھا

ایک ٹہنی سے برگ ٹوٹا ہے (غزل)

ایک ٹہنی سے برگ ٹوٹا ہے

ساری شاخوں سے خون پھوٹا ہے

اب تو قسمت پہ چھوڑ دے ملنا

تیز پانی میں ہاتھ چھوٹا ہے

میں نے پھولوں پہ ہاتھ رکھا تھا

کیوں ہتھیلی سے خون پھوٹا ہے

وقت کر دے گا فیصلہ اس کا

کون سچا ہے کون جھوٹا ہے

ہنسنے والے کو کیا خبر اس کی

مجھ پہ کیسا پہاڑ ٹوٹا ہے

اس کے فن میں تو شک نہیں لیکن

یہ بھی مانو وہ شخص جھوٹا ہے

میں کہوں بھی تو کون مانے گا

جس کماں سے یہ تیر چھوٹا ہے

کس کو توقیرؔ یہ خبر ہوگی

کس تعلق سے اس نے لوٹا ہے

جب بھی جوتے خریدو (نظم)

جب بھی جوتے خریدو

تو یہ دھیان رکھنا

بہت نرم ہوں

سخت چمڑا نہ ہو

اور بھاری نہ ہوں

عین ممکن ہے اک دن تمہیں اپنے لوگوں کے سینے پہ چلنا پڑے

ان کی روحیں کچلنا پڑیں ان کو تکلیف اتنی نہ ہو ان میں نفرت کے طوفان پلنے لگیں

زہر منہ سے اگلنے لگیں

جوتے کالے نہ ہوں

ورنہ ان کی سیاہی دل و جاں پہ جم جائے گی اور باطن میں کچھ خیر ہوگی

تو مر جائے گی

ان کی ایڑی میں نرمی ہو اتنی

اگر پاؤں دھرتی پہ مارو تو ان کی دھمک سے گو ذہنی خلیوں کو نقصان نہ ہو اور ہڈیاں نہ ہو

تسمے والے بھی جوتے نہ ہوں

ان سے سازش کے پھندے نہ بننے لگو اور پھانسی کی خاطر کہیں

اپنے محسن نہ چننے لگو

مزید غزلیں از توقیر عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں