پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تسنیم عابدی کی غزلیں — Tasneem Abidi Ghazals

تسنیم عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے چارہ گر تجھے کیا خبر، جو عذاب ہجر و وصال ہے (غزل)

مرے چارہ گر تجھے کیا خبر، جو عذاب ہجر و وصال ہے

یہ دریدہ تن یہ دریدہ من تری چاہتوں کا کمال ہے

مجھے سانس سانس گراں لگے، یہ وجود وہم و گماں لگے

میں تلاش خود کو کروں کہاں مری ذات خواب و خیال ہے

وہ جو چشم تر میں ٹھہر گیا وہ ستارہ جانے کدھر گیا

نہ نشاط غم کا ہجوم اب نہ ہی سبز یاد کی ڈال ہے

اسے فصل فصل بھی سینچ کر ملا سایہ اور نہ ملا ثمر

یہ عجیب عشق کا پیڑ ہے یہ عجیب شاخ نہال ہے

مرا حرف حرف اسی کا ہے مرے خواب خواب میں وہ بسا

جو قریب رہ کے بھی دور ہے اسے پانا کتنا محال ہے

پھول مرجھا جائیں گے کانٹے لگے رہ جائیں گے (غزل)

پھول مرجھا جائیں گے کانٹے لگے رہ جائیں گے

ہر خوشی مٹ جائے گی بس دکھ ہرے رہ جائیں گے

لالہ زاروں کہساروں میں تمہیں ڈھونڈیں گے ہم

یاد کے بے نام سے کچھ سلسلے رہ جائیں گے

تم قریب ہو کر بھی اتنی دور ہوتے جاتے ہو

قربتوں کے درمیاں بس فاصلے رہ جائیں گے

تصفیہ مابین اپنے ہو نہ پائے گا کبھی

ہم انا کی آگ میں جلتے ہوئے رہ جائیں گے

عزم کی شمعیں امیدوں کی ہر اک قندیل کو

ہم بجھا کر ظلمت شب میں کھڑے رہ جائیں گے

سرمہ و غازہ کے بدلے دھول جمتی جائے گی

سب کے چہرے گرد قسمت سے اٹے رہ جائیں گے

سب چلے جائیں گے اک بے نام منزل کی طرف

گھر کی تختی کی جگہ کتبے لگے رہ جائیں گے

اے مصور مری تصویر پڑی ہے کب سے (نظم)

اے مصور مری تصویر پڑی ہے کب سے

اب کسی طور ذرا اس کو مکمل کر دے

اپنی تخلیق میں وہ رنگ بھی شامل کر دے

جو ترے ذوق ہنر کی بھی گواہی ٹھہریں

جھیل سی آنکھوں کی گہرائی میں تو ڈوب گیا

سرخ ڈورے جو ہیں حیرت کے نہ دیکھے تو نے

لب کے پیمانے تری پیاس بجھاتے ہیں مگر

تشنہ پیمانوں کو تو جرأت اظہار بھی دے

میری تصویر دھنک رنگ نہیں ہو پائی

میرے خوابوں کو تری آنکھ نہیں دیکھ سکی

تو ہے خطاط مرے حرف بدن کے بدلے

وہ لکیریں بھی بنا فکر کو ظاہر جو کریں

گیسو و عارض و لب ہی ترا معیار رہے

سنگ مرمر کا بدن ہی ترا شہکار رہے

میں کچھ اس سے بھی سوا ہوں تجھے معلوم نہیں

میں تری دوست ہوں لیکن تری محکوم نہیں

مزید غزلیں از تسنیم عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں