تسلیم نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بھیڑ میں خود کو گنوانے سے ذرا سا پہلے (غزل)
بھیڑ میں خود کو گنوانے سے ذرا سا پہلے
مجھ کو ملتا وہ زمانے سے ذرا سا پہلے
ہجر کی ہم کو کچھ ایسی بری عادت ہے کہ ہم
زہر کھا لیں ترے آنے سے ذرا سا پہلے
گرچہ پکڑے نہ گئے دوستو لیکن ہم بھی
چور تھے شور مچانے سے ذرا سا پہلے
کچھ نہیں سوچا پرندوں سے شجر چھین لئے
دشت میں شہر بسانے سے ذرہ سا پہلے
دھول تھے تم مرے قدموں سے لپٹنے پہ مصر
خاک تھے چاک پہ جانے سے ذرہ سا پہلے
جائے عبرت ہے کہ پھوٹیں نہ تمہاری آنکھیں
مجھے یوں آنکھ دکھانے سے ذرا سا پہلے
عذاب تشنہ لبی کا شکار تھا وہ شخص (غزل)
عذاب تشنہ لبی کا شکار تھا وہ شخص
اگرچہ میرے لئے آبشار تھا وہ شخص
چھپا چھپا کے بھی خود میں چھپا نہ پایا مجھے
کھنڈر کے چاروں طرف اک حصار تھا وہ شخص
وہ جانتا تھا حسیں انگلیوں کی زہرابی
اسی لئے تو گل خار دار تھا وہ شخص
سفید چاندنی کی ریشمی رومال اوڑھے
سیاہ رات کے رتھ پر سوار تھا وہ شخص
نہ تھا غلام کسی مادی سہارے کا
بغیر عصا کے سمندر گزار تھا وہ شخص
ہر ایک لمحے کے آخر میں مجھ سے لڑتا تھا
نیازؔ میرے لڑکپن کا پیار تھا وہ شخص