تسلیم الہی زلفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جیسے کشتی اور اس پر بادباں پھیلے ہوئے (غزل)
جیسے کشتی اور اس پر بادباں پھیلے ہوئے
میرے سر پر اس طرح ہیں آسماں پھیلے ہوئے
چل رہے ہیں دھوپ سے تپتی ہوئی سڑکوں پہ لوگ
اور سائے سائباں در سائباں پھیلے ہوئے
دیکھیے کب تک رہے تنہا پرندے کی اڑان
ہیں سمندر ہی سمندر بے کراں پھیلے ہوئے
جاگتی آنکھوں کے خواب اور تیرے بالوں کے گلاب
میرے بستر پر ہیں اب بھی میری جاں پھیلے ہوئے
سانحہ یہ ہے کہ اب تک واقعہ کوئی نہیں
تذکرے ہیں داستاں در داستاں پھیلے ہوئے
میں تو ساری عمر اس کی سمت ہی چلتا رہا
فاصلے ہیں پھر بھی زلفیؔ درمیاں پھیلے ہوئے
خواب پہلے لے گیا پھر رت جگا بھی لے گیا (غزل)
خواب پہلے لے گیا پھر رت جگا بھی لے گیا
جاتے جاتے وہ مرے گھر کا دیا بھی لے گیا
دھوپ ہے اب اور نہ بادل ہے نہ خوشبو اور نہ پھول
سارے موسم لے گیا آب و ہوا بھی لے گیا
زندگی اے زندگی طے ہو مسافت کس طرح
سمت منزل لے گیا وہ راستہ بھی لے گیا
ایک مدت ہو گئی بیٹھا ہوں سنگ میل پر
راستوں کے ساتھ اپنے نقش پا بھی لے گیا
ہاتھ پتھر ہو گئے لب کپکپاتے رہ گئے
وہ دعا بھی لے گیا دست دعا بھی لے گیا
کیسے دیکھوں گا میں زلفیؔ اپنے چہرے کی کتاب
وہ گیا تو آرزو کا آئنہ بھی لے گیا