پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تسکین قریشی کی غزلیں — Taskeen Qureshi Ghazals

تسکین قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب تو یہی ہیں دل سے دعائیں (غزل)

اب تو یہی ہیں دل سے دعائیں

بھولنے والے بھول ہی جائیں

بات تو جب ہے یوں وہ رلائیں

داغ بھی دل کے دھلتے جائیں

وجہ ستم کچھ ہو تو بتائیں

ایک محبت لاکھ خطائیں

درد محبت دل میں چھپایا

آنکھ کے آنسو کیسے چھپائیں

ہوش اور ان کی دید کا دعویٰ

دیکھنے والے ہوش میں آئیں

دل کی تباہی بھولے نہیں ہم

دیتے ہیں اب تک تم کو دعائیں

رنگ زمانہ دیکھنے والے

ان کی نظر بھی دیکھتے جائیں

شغل محبت اب ہے یہ تسکیںؔ

شعر کہیں اور جی بہلائیں

کچھ اور پوچھیے یہ حقیقت نہ پوچھیے (غزل)

کچھ اور پوچھیے یہ حقیقت نہ پوچھیے

کیوں مجھ کو آپ سے ہے محبت نہ پوچھیے

سجدوں سے طے مقام محبت نہ ہو سکا

کیا کیا ہوئی ہے سر کو ندامت نہ پوچھیے

کعبے میں بت کدہ میں حریم جمال میں

دل کی کہاں کہاں ہے ضرورت نہ پوچھیے

تھی راز ابتدائے محبت بس اک نگہ

ایسی نگاہ جس کی حقیقت نہ پوچھیے

کہنے کو دل میں کچھ بھی نہیں جز خیال یار

لیکن خیال یار کی وسعت نہ پوچھیے

دونوں ہی بھول جانے کے قابل ہیں عشق میں

افسانۂ مجاز و حقیقت نہ پوچھیے

تسکیںؔ یہ جان و دل تھے ہمیں بھی کبھی عزیز

اب زندگی ہے کس کی بدولت نہ پوچھیے

مزید غزلیں از تسکین قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں