پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میر تسکینؔ دہلوی کی غزلیں — Taskeen Dehlavi Ghazals

میر تسکینؔ دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے مہر کہتے ہو اسے جو بے وفا نہیں (غزل)

بے مہر کہتے ہو اسے جو بے وفا نہیں

سچ ہے کہ بے وفا ہوں میں تم بے وفا نہیں

عقدہ جو دل میں ہے مرے ہونے کا وا نہیں

جب تک کہ آپ کھولتے زلف دوتا نہیں

عیاری دیکھنا جو گلے ملنے کو کہو

کہتا ہے میں تو تم سے ہوا کچھ خفا نہیں

اشکوں کے ساتھ قطرۂ خوں تھا نکل گیا

سینے میں سے تو دل کو کوئی لے گیا نہیں

جلتا ہے سادہ لوحی پہ کیا اپنی جی مرا

دل لے کے اب جو بات وہ کرتا ذرا نہیں

وہ پر خطر ہے وادئ الفت کہ راہ میں

کہتے ہیں خضر ہائے کوئی رہنما نہیں

کرتا ہوں تیری زلف سے دل کا مبادلہ

ہر چند جانتا ہوں یہ سودا برا نہیں

کیسے وہ تلخ تر ہیں مرے شور عشق سے

قسمت سے اپنا چاہنے میں بھی مزا نہیں

جوش جنوں میں سر پہ اڑائیں کہاں سے خاک

دل کیا گیا غبار ہی جی میں رہا نہیں

دیکھوں تو لے ہے جان ملک الموت کس طرح

تم وقت مرگ پاس سے اٹھنا ذرا نہیں

تسکیںؔ نے نام لے کے ترا وقت مرگ آہ

کیا جانے کیا کہا تھا کسی نے سنا نہیں

تو کیوں پاس سے اٹھ چلا بیٹھے بیٹھے (غزل)

تو کیوں پاس سے اٹھ چلا بیٹھے بیٹھے

ہوا تجھ کو کیا بے وفا بیٹھے بیٹھے

وہ آتے ہی آتے رہے پر قلق سے

مرا کام ہی ہو گیا بیٹھے بیٹھے

اٹھاتے ہو کیوں اپنی محفل سے مجھ کو

لیا میں نے کیا آپ کا بیٹھے بیٹھے

کرے سعی کچھ اٹھ کے اس کو سے اے دل

یہ حاصل ہوا مدعا بیٹھے بیٹھے

وو اس لطف سے گالیاں دے گئے ہیں

کیا کرتے ہیں ہم دعا بیٹھے بیٹھے

ذرا گھر سے باہر نکل مان کہنا

نہ ہوگا کوئی مبتلا بیٹھے بیٹھے

نہ اٹھا گیا دل کے ہاتھوں سے تسکیںؔ

کہا اس نے جو سب سنا بیٹھے بیٹھے

مزید غزلیں از میر تسکینؔ دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں