پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تشنہ اعظمی کی غزلیں — Tashna Azmi Ghazals

تشنہ اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہیں روزے سے ہیں تو کیا اداکاری تو کرنی ہے (غزل)

نہیں روزے سے ہیں تو کیا اداکاری تو کرنی ہے

امیر شہر کی دعوت ہے افطاری تو کرنی ہے

کہاں ہے شیروانی اور ٹوپی لائیے بیگم

ابھی دن ہے مگر پہلے سے تیاری تو کرنی ہے

ابھی باقی ہے کچھ لوگوں میں جو ایمانداری کی

کسی بھی طرح سے وہ دور بیماری تو کرنی ہے

کسی بھی طرح رشوت دے کے پکی نوکری کر لو

میاں ڈیوٹی تمہیں لے دے کے سرکاری تو کرنی ہے

جہاں پر لومڑی کی طرح ہر چہرہ نظر آئے

وہاں تھوڑی بہت ہم کو بھی عیاری تو کرنی ہے

اگر انصاف بھی مجروح ہوتا ہے تو ہونے دو

ہمیں اپنے قبیلے کی طرف داری تو کرنی ہے

مرے مالک مرے آقا میں بندہ آپ کا لیکن

ملا ہے حکم اوپر سے گرفتاری تو کرنی ہے

دن کے ہارے ہوئے جب شام کو گھر جاتے ہیں (غزل)

دن کے ہارے ہوئے جب شام کو گھر جاتے ہیں

زندگی ہم تری آغوش میں مر جاتے ہیں

کوئی تو بات ہے جو اب بھی تری جانب ہم

دل اجازت نہیں دیتا ہے مگر جاتے ہیں

آج بھی کچے گھڑوں پر ہی بھروسہ کر کے

عشق والے چڑھے دریا میں اتر جاتے ہیں

ہم غریبوں کے طرف دار بہت ہیں لیکن

بات انصاف کی آئے تو مکر جاتے ہیں

کون پھر سچ کی حمایت میں گواہی دے گا

ہم بھی قاتل کی حمایت میں اگر جاتے ہیں

آنکھ سورج سے ملانے کا جنہیں دعویٰ ہے

ایک جگنو بھی چمک جائے تو ڈر جاتے ہیں

اس اداکار زمانے کو سخنور تشنہؔ

یاد آتے ہیں کہ جس وقت گزر جاتے ہیں

مزید غزلیں از تشنہ اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں