پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاشی ظہیر کی غزلیں — Tashi Zaheer Ghazals

تاشی ظہیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حق پرستی کے سزاوار ہوا کرتے تھے (غزل)

حق پرستی کے سزاوار ہوا کرتے تھے

ہم کبھی صاحب کردار ہوا کرتے تھے

کوئی مذہب ہو کوئی رنگ ہو مل بیٹھتے تھے

دیس میں ایسے بھی تہوار ہوا کرتے تھے

پاس تہذیب تھا اک وہ بھی زمانہ تھا کبھی

میرے دشمن بھی مرے یار ہوا کرتے تھے

اس طرح تھک کے تو بیٹھا نہیں کرتے تھے ہم

راستے پہلے بھی دشوار ہوا کرتے تھے

اب تو سوکھے ہوئے پتوں کا بھرم رکھتے ہیں

ہم کبھی شاخ ثمر دار ہوا کرتے تھے

پگڑیاں قدموں میں رکھنے کا ہنر سیکھ گئے

ہم وہی ہیں جو سر دار ہوا کرتے تھے

جدا بھی مجھ سے ہوا وہ تو پیار میرا رہا (غزل)

جدا بھی مجھ سے ہوا وہ تو پیار میرا رہا

بس اس پہ ایک یہی اختیار میرا رہا

جو دشمنوں سے ملا تھا تو کیا غرض مجھ کو

تمام عمر تو وہ شخص یار میرا رہا

وفا پرست جو دو چار ہیں زمانے میں

مرا نصیب کہ ان میں شمار میرا رہا

گرا جو کٹ کے بدن سے تو جھک گئے سب لوگ

بغیر تاج کے سر تاجدار میرا رہا

گزر گئی ہے تو اب کیا گلہ کروں تجھ سے

مگر اے زندگی تجھ پہ ادھار میرا رہا

مزید غزلیں از تاشی ظہیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں