تاثیر جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خموش ہونٹوں سے سارے کلام کرنے لگے (غزل)
خموش ہونٹوں سے سارے کلام کرنے لگے
وہ سب کے سب ترے بارے کلام کرنے لگے
ڈھلی جو شام تو اشکوں سے گفتگو تھی مری
پھر اس کے بعد ستارے کلام کرنے لگے
تمہارا ذکر چھڑا جب تو معجزہ یہ ہوا
کہ جتنے گونگے تھے سارے کلام کرنے لگے
تری اداسیوں بے چینیوں سے ظاہر ہے
کہ اب یہ زخم ہمارے کلام کرنے لگے
کسی کے سامنے گلزار آگ ہونے لگی
کسی کے جسم سے آرے کلام کرنے لگے
ہماری غزلوں کا تاثیرؔ آسرا لے کر
تمہارے ہجر کے مارے کلام کرنے لگے
ضبط گر حد سے بڑھا تو زلزلہ بھی آئے گا (غزل)
ضبط گر حد سے بڑھا تو زلزلہ بھی آئے گا
تیرے میرے درمیاں پھر فاصلہ بھی آئے گا
ایسا لگتا ہے کہ اب تو قافلے کو لوٹنے
راہزن بھی آئیں گے اور رہنما بھی آئے گا
لے کے خالی آنکھ کا مشکیزہ مت صحرا میں جا
اس سفر میں تشنگی کا مرحلہ بھی آئے گا
ہجر کا موسم جب آئے گا تری یادیں لیے
دل بھی تڑپے گا تڑپنے کا مزہ بھی آئے گا
ظلم اگر جاری رہا تو دیکھنا پھر ایک دن
خون اگلے گی زمیں یہ مرحلہ بھی آئے گا
دیکھ تاثیرؔ اس کے آنے کے نہ اتنے خواب دیکھ
آنکھ کے حصے میں ورنہ رتجگا بھی آئے گا