تصدیق احمد خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ کسے تھی خبر دل لگانے کے بعد (غزل)
یہ کسے تھی خبر دل لگانے کے بعد
غم بھی مل جائیں گے مسکرانے کے بعد
کس جہاں میں خدا جانے وہ کھو گئے
مجھ کو اک بار صورت دکھانے کے بعد
جان پایا ہوں میں وہ ہے پتھر جگر
اپنی آنکھوں سے آنسو بہانے کے بعد
بس چلا ہے تصور پہ کس کا بھلا
یاد وہ اور آئے بھلانے کے بعد
ظلم سہتا ہوں کوچے میں یہ سوچ کر
گھر نہیں دوسرا اس ٹھکانے کے بعد
خاص فطرت حسینوں کی ہے دوستوں
وہ کریں ترک الفت نبھانے کے بعد
جو تھے اپنے کبھی ہو گئے غیر وہ
ان کو تصدیقؔ اپنا بنانے کے بعد
آنکھ میری نہ یوں دیکھ کر بھر گئی
آج دیکھا ہے اس کو زمانے کے بعد
کون اب دیکھے فلک تیرا قمر آج کی رات (غزل)
کون اب دیکھے فلک تیرا قمر آج کی رات
ان کے رخ سے ہی نہیں ہٹتی نظر آج کی رات
آپ رہ رہ کے مری سمت نہ دیکھو ورنہ
سب کو ہو جائے گی الفت کی خبر آج کی رات
بد گماں ان کو کہیں کر نہ دیں احباب مرے
لگ رہا ہے مجھے اس بات کا ڈر آج کی رات
ان کی رسوائی کا ہوتا نہ اگر خوف مجھے
میں حد عشق سے بھی جاتا گزر آج کی رات
خون ہو جائے گا برسوں کے یقین دل کا
کر کے وعدہ نہ تو للہ مکر آج کی رات
سجدہ مقبول ہو یا ہو نہ غرض کیا اس سے
رکھ دیا یار کی دہلیز پہ سر آج کی رات
بعد مدت ملی تصدیقؔ ہمیں تنہائی
ماسوا پیار کوئی بات نہ کر آج کی رات