پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تصور زیدی کی غزلیں — Tasawwur Zaidi Ghazals

تصور زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ہم سے کیوں الگ تھا کیوں دکھی تھا (غزل)

وہ ہم سے کیوں الگ تھا کیوں دکھی تھا

ہمارے ذہن میں جو آدمی تھا

پتا دیتیں مرا کیا شاہراہیں

مکاں میرا گلی اندر گلی تھا

ہزاروں میں چھپے تھے مجھ میں پھر بھی

نظر میں آئنہ کے ایک ہی تھا

ہرے پتوں سے شبنم کی جدائی

یہی آغاز صبح تشنگی تھا

غرور صبح کیا مجھ کو دکھاتا

لہو کی شام میں میں دیدنی تھا

اندھیرے جھاڑ کر دامن سے اپنے

اٹھا تو روشنی ہی روشنی تھا

پتھروں پر نقش ابھرا کیوں نہیں (غزل)

پتھروں پر نقش ابھرا کیوں نہیں

دست بے تیشہ نے سوچا کیوں نہیں

جان لیوا ہیں ادھورے واقعات

جو بھی ہونا ہے وہ ہوتا کیوں نہیں

پتھروں کے عکس پڑ کر رہ گئے

شیشۂ احساس ٹوٹا کیوں نہیں

بہہ رہا تھا جب لہو آواز کا

یہ گلوئے خشک بولا کیوں نہیں

موت بھی کیا سایۂ دیوار تھی

اس کا کوچہ ہم سے چھوٹا کیوں نہیں

آئنہ خانہ تھا میں پھر کوئی عکس

اس طرف سے ہو کے گزرا کیوں نہیں

لوگ نا خوش ہیں کہ اپنے حال پر

مسکرا دیتا ہو ہوں رونا کیوں نہیں

مزید غزلیں از تصور زیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں