ترکش پردیپ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تو میرا دوست مرا یار ہے نہیں ہے کیا (غزل)
تو میرا دوست مرا یار ہے نہیں ہے کیا
ترے بھی دل میں بہت پیار ہے نہیں ہے کیا
ذرا سی بات پہ میں تم سے روٹھ جاتا ہوں
یہ میرے عشق کا اظہار ہے نہیں ہے کیا
میں اپنے آپ سے تھوڑا بہت متأثر ہوں
یہ میری ذات کو آزار ہے نہیں ہے کیا
یوں اپنے آپ کو برباد کرتا ہے کوئی
اے میرے دل تو سمجھ دار ہے نہیں ہے کیا
وہ ایک شے جو کبھی آنکھ میں نہیں اتری
تو بھی تو اس کا طلب گار ہے نہیں ہے کیا
اے میرے دل تو بتا تجھ کو گوارہ کیا ہے (غزل)
اے میرے دل تو بتا تجھ کو گوارہ کیا ہے
جو ترا درد ہے سو ہے بتا چارہ کیا ہے
اپنی بابت کبھی پوچھا تو بتائیں گے اسے
ڈوبنے والوں کو تنکے کا سہارا کیا ہے
اور بھٹکیں گے تو کچھ اور نیا دیکھیں گے
ہم تو آوارہ پرندے ہیں ہمارا کیا ہے
روز اک شخص کی یادوں کا جنازہ ڈھویا
عمر کے نام پہ ہم نے بھی گزارہ کیا ہے
ایک دن ہنستے ہوئے کہنے لگی وہ مجھ سے
سارے اشعار تو میرے ہیں تمہارا کیا ہے