پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق نوادوی کی غزلیں — Tarique Nawadvi Ghazals

طارق نوادوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیدار حسن یار سر عام تو کیا (غزل)

دیدار حسن یار سر عام تو کیا

مدت کے بعد دل نے مرے کام تو کیا

جھوموں خوشی سے کیوں نہ سر بزم مے کشاں

اک شام اس نے جام مرے نام تو کیا

قسمت میں مے نہیں تھی جو میرے تو کیا ہوا

اس نے قریب لب کے مرے جام تو کیا

خاموش رہ کے اہل جنوں نے یہ اب کی بار

شور و شغب سے اچھا اک اقدام تو کیا

اچھا ہے اس بہانے ذرا نام ہو گیا

طارقؔ کو تم نے دنیا میں بدنام تو کیا

کیوں جدائی کی سزا دوں اس کو (غزل)

کیوں جدائی کی سزا دوں اس کو

اپنے آنگن کا پتا دوں اس کو

وہ جو چلمن ہے بڑی اڑچن ہے

کیوں نہ اب آگ لگا دوں اس کو

کب تلک قید رہے گی ایسے

پر لگا کر نا اڑا دوں اس کو

ہو مرے پاس اک ایسی پڑیا

جب بھی روئے تو ہنسا دوں اس کو

حسن پر آئے نہ گرہن اس کے

ایسی نادر سی دعا دوں اس کو

مرض عشق یونہی گرم رہے

ایسی حکمت کی دوا دوں اس کو

ہو مرے بس میں اگر یہ طارقؔ

چاند تاروں سے سجا دوں اس کو

مزید غزلیں از طارق نوادوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں