پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق سندھی کی غزلیں — Tariq Sindhi Ghazals

طارق سندھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے وجود کو مٹی سے یوں اٹھایا گیا (غزل)

مرے وجود کو مٹی سے یوں اٹھایا گیا

کہ مجھ کو لائق سجدہ کبھی بنایا گیا

پھر اس جہان سے مجھ کو زمیں پہ لایا گیا

چراغ تھا میں کدھر کا کدھر جلایا گیا

اسی لیے تو زمیں روز مجھ سے مانگتی ہے

وہ میرا جسم جو مٹی سے تھا اٹھایا گیا

پھر ایک حکم حقیقی بدن سے نکلا یوں

کہ آسمان پہ میرا قدیم سایہ گیا

میں شب کے آخری پہروں میں ڈھونڈنے نکلا

بشر کا راز بشر میں کہاں چھپایا گیا

میری تلوار کا اب اس پہ اثر لگتا ہے (غزل)

میری تلوار کا اب اس پہ اثر لگتا ہے

بات کرتے ہوئے اب مجھ پہ نظر رکھتا ہے

صرف باتوں سے ریاست یہ سنور سکتی نہیں

مختصر بات میاں خون جگر لگتا ہے

مجھ کو اس قوم کے شاہوں سے کوئی خوف نہیں

مجھ کو اس قوم کے کردار سے ڈر لگتا ہے

جس بلندی پہ ہوا ابن علی تخت نشیں

وہاں سرمایہ نہیں دوستو سر لگتا ہے

میں مسافر ہوں بلندی سے کبھی اترا تھا

یہ جہاں میرا نہیں جسم کا گھر لگتا ہے

میں اپنے ہونے کو (نظم)

میں اپنے ہونے کو

کھوجتا ہوں

میں سوچتا ہوں کہ

میں کہاں تھا

صدائے کن کی جو گونج اٹھی

زماں مکاں میں ہوائیں جاگیں

کنار باندھے سمندروں پر

صدائے آتش بھی چار سو تھی

تو میں کہاں تھا

میں سوچتا ہوں کہ میں کہاں تھا

مرے جواہر کی موج کیا تھی

مرے عناصر کہاں کہاں تھے

جہان میرے کہاں کہاں تھے

مکان میرے کہاں کہاں تھے

میں آشنا سے نہ آشنا ہوں

میں جانتا ہوں تو صرف اتنا

میں ابتدا کے کمال میں گم

تو انتہا کے جمال میں گم

صدائے کن کے خلود جلوے

یہ ایک میں ہوں

یہ ایک ہو تم

مزید غزلیں از طارق سندھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں