پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق نعیم کی غزلیں — Tariq Naeem Ghazals

طارق نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھ کو اس طرح کہاں چھوڑ کے جانا تھا مجھے (غزل)

تجھ کو اس طرح کہاں چھوڑ کے جانا تھا مجھے

وہ تو اک عہد تھا اور عہد نبھانا تھا مجھے

تم تو اس پار کھڑے تھے تمہیں معلوم کہاں

کیسے دریا کے بھنور کاٹ کے آنا تھا مجھے

تو نے تو مار دیا مجھ کو مرے جادو گرا!

اس تماشے میں تو بس مر کے دکھانا تھا مجھے

اب یہ لگتا ہے کہیں اور ہی جا نکلا ہوں

مجھ کو خود ہی سے کہیں ڈھونڈ کے لانا تھا مجھے

تو نے کیا سوچ کے دکھنے کو بھی نا دکھنا کیا

میں تو جیسا نظر آیا نظر آنا تھا مجھے

تجھ کو لے آیا تھا منزل پہ زمانہ لیکن

میں چلا ہی تھا کہ در پیش زمانہ تھا مجھے

وہ جو اک بار اٹھا لایا تھا میں عجلت میں

پھر وہی بار ہر اک بار اٹھانا تھا مجھے

وہ تو ایسا ہے کہ مہلت نہ ملی تھی ورنہ

اپنی بربادی پہ خود جشن منانا تھا مجھے

مجھ کو جانا تھا کہیں اور کہیں اور کہیں

تیری دنیا تو فقط ایک ٹھکانا تھا مجھے

میں آ رہا تھا ستاروں پہ پاؤں دھرتے ہوئے (غزل)

میں آ رہا تھا ستاروں پہ پاؤں دھرتے ہوئے

بدن اتار دیا خاک سے گزرتے ہوئے

جمال مجھ پہ یے اک دن میں تو نہیں آیا

ہزار آئنے ٹوٹے مرے سنورتے ہوئے

عجب نظر سے چراغوں کی سمت دیکھا ہے

ہوا نے زینۂ پندار سے اترتے ہوئے

اک آدھ جام تو پی ہی لیا تھا ہم نے بھی

خمار خانۂ دنیا کی سیر کرتے ہوئے

اب آسمان بھی کم پڑ رہے ہیں میرے لیے

قدم زمین پہ رکھا تھا میں نے ڈرتے ہوئے

وہی ستارہ ستاروں كا حکمراں ٹھہرا

لرز رہا تھا جو پہلی زقند بھرتے ہوئے

میں کائنات سے باہر نکل گیا یک دم

عجیب نشہ تھا پہلی اڑان بھرتے ہوئے

جہاں جہاں بھی مجھے راستے میں رات آئی

میں اک چراغ جلاتا گیا گزرتے ہوئے

میں آئینہ تھا مگر آئنہ کمال کا تھا

ہزار عکس بناتا گیا بکھرتے ہوئے

مزید غزلیں از طارق نعیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں