طارق مصطفیٰ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خوب صورت تو نہ تھا دل کش مگر چہرہ لگا (غزل)
خوب صورت تو نہ تھا دل کش مگر چہرہ لگا
ماں کی آنکھوں میں جو دیکھا چاند کا ٹکڑا لگا
پہلے وہ بد رنگ سا اک کانچ کا ٹکڑا لگا
ہاتھ میں تم نے لیا تو آئنہ اچھا لگا
جس کا جی کرتا ہے آ جاتا ہے وہ ہنستا ہوا
کس قدر آسان میرے دل کا دروازہ لگا
دوریاں ساری سمٹ کر آ گئیں دالان تک
وہ پری رخ یک بیک سینے سے میرے آ لگا
شہر کے لوگوں کے اندر تھی بہت اپنائیت
گو کہ ہر چہرہ تھا بیگانہ مگر اپنا لگا
پیار سے ڈالی نظر جب ماں کے چہرے کی طرف
جھریوں سے پر وہ چہرہ کس قدر پیارا لگا
مدعی خوش تھے سزائے موت پر طارقؔ مگر
کیوں مجھے منصف کا چہرہ اتنا افسردہ لگا
ہر ایک کام سلیقے سے شاندار کرو (غزل)
ہر ایک کام سلیقے سے شاندار کرو
برے عمل سے بچو نیکیوں سے پیار کرو
چمن کی تازہ کلی بھی گلاب ہو جائے
بہار آنے تلک کچھ تو انتظار کرو
مدد غریب کی کرنا ثواب ہے پیارے
عظیم کام ہے اس کو تو بار بار کرو
عداوتوں کی فضا کہہ رہی ہے رو رو کر
وطن کا چہرۂ روشن نہ داغدار کرو
نحیف لاغر و مسکین مستحق سارے
گلے لگاؤ بچاروں کو خوب پیار کرو
جہاں سے ظلم و تشدد مٹا کے دم لیں گے
اسی جنون کو اعصاب پر سوار کرو
قدم قدم پہ بڑی مشکلیں بھی آئیں گی
مگر جو حق ہے وہی راہ اختیار کرو
یہی طلب تجھے طارقؔ رہی ہمیشہ سے
کہ قصہ ہائے تعلق میں اختصار کرو