پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق متین کی غزلیں — Tariq Matin Ghazals

طارق متین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں حبیب ہوں کسی اور کا مری جان جاں کوئی اور ہے (غزل)

میں حبیب ہوں کسی اور کا مری جان جاں کوئی اور ہے

سر داستاں کوئی اور ہے پس داستاں کوئی اور ہے

یہ عذاب دربدری میاں ہے ازل سے میرا رفیق جاں

میں مکین ہوں کہیں اور کا مرا خاک داں کوئی اور ہے

یہ تو اپنا اپنا نصیب ہے کسے کتنی قوت پر ملی

ترا آسماں کوئی اور ہے مرا آسماں کوئی اور ہے

یہ جو زندگی کی ہیں گتھیاں یہ سلجھ کے بھی نہ سلجھ سکیں

ہیں اگرچہ وجہ سکون ہم یہاں شادماں کوئی اور ہے

مجھے شاعری کا ہنر ملا مجھے گنج لعل و گہر ملا

مرے حرف میں مرے لفظ میں جو ہے بے کراں کوئی اور ہے

اپنے دکھوں کا ہم نے تماشہ نہیں کیا (غزل)

اپنے دکھوں کا ہم نے تماشہ نہیں کیا

فاقے کیے مگر کبھی شکوہ نہیں کیا

بے گھر ہوئے تباہ ہوئے در بدر ہوئے

لیکن تمہارے نام کو رسوا نہیں کیا

گو ہم چراغ وقت کو روشن نہ کر سکے

پر اپنی ذات سے تو اندھیرا نہیں کیا

اس پر بھی ہم لٹاتے رہے دولت یقیں

اک پل بھی جس نے ہم پہ بھروسہ نہیں کیا

اس شخص کے لیے بھی دعا گو رہے ہیں ہم

جس نے ہمارے حق میں کچھ اچھا نہیں کیا

حالانکہ احترام سبھی کا کیا مگر

ہم نے کسی کو قبلہ و کعبہ نہیں کیا

طارق متینؔ کھاتے رہے عمر بھر فریب

لیکن کسی کے ساتھ بھی دھوکا نہیں کیا

مزید غزلیں از طارق متین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں