پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق جامی کی غزلیں — Tariq Jami Ghazals

طارق جامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کے بدن کا لمس ابھی انگلیوں میں ہے (غزل)

اس کے بدن کا لمس ابھی انگلیوں میں ہے

خوشبو وہ چاندنی کی مرے ذائقوں میں ہے

میں سوچ کے بھنور میں تھا جس شخص کے لیے

وہ خود بھی کچھ دنوں سے بڑی الجھنوں میں ہے

اس کا وجود خامشی کا اشتہار ہے

لگتا ہے ایک عمر سے وہ مقبروں میں ہے

میں آسماں پہ نقش نہیں ہوں مگر سنو

اب بھی مری شبیہ کئی سورجوں میں ہے

میری طرح لبادہ خموشی کا اوڑھ لے

اپنا کیا دھرا ہے جو اب جھولیوں میں ہے

میں کورے کاغذوں کی قطاریں اداس اداس

گزری رتوں کے دکھ کی تھکن بادلوں میں ہے

ہر چند کائنات رہی بے کراں مگر

انسان ابتدا ہی سے کچھ دائروں میں ہے

میں بام و در پہ جو اب سائیں سائیں لکھتا ہوں (غزل)

میں بام و در پہ جو اب سائیں سائیں لکھتا ہوں

تمام شہر کی سڑکوں کی رائیں لکھتا ہوں

طویل گلیوں میں خاموشیاں اگی ہیں مگر

ہر اک دریچے پہ جا کر صدائیں لکھتا ہوں

سفید دھوپ کے تودے ہی جن پہ گرتے ہیں

انہی اداس گھروں کی کتھائیں میں لکھتا ہوں

ہوا کے دوش پہ رقصاں نحیف پتوں پر

بدلتے موسموں کی اطلاعیں لکھتا ہوں

میں جھنجھلاہٹوں پر ضبط کر نہیں سکتا

سڑک پہ چلتے ہوئے دائیں بائیں لکھتا ہوں

ترے خلوص نے مجھ سے وہ دشمنی کی ہے

ترے لئے تو میں اب بد دعائیں لکھتا ہوں

مزید غزلیں از طارق جامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں