طارق اسلام ککراوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسا نہیں کہ آپ کا چرچا نہیں ہوا (غزل)
ایسا نہیں کہ آپ کا چرچا نہیں ہوا
جیسا تھا حکم آپ کا ویسا نہیں ہوا
اتنا بچا تھا صرف کہ پسپا نہیں ہوا
کہنے کو تیرے عشق میں کیا کیا نہیں ہوا
لعنت ہو اس جہیز پہ کل اس کے واسطے
بیٹی تھی اک غریب کی رشتہ نہیں ہوا
لے کر خدا کا نام کیا ہے جو کوئی کام
بے شک کبھی بھی کوئی خسارہ نہیں ہوا
منصف یہ تیرا فیصلہ منظور ہے مگر
ظالم کے حق میں ہو گیا اچھا نہیں ہوا
تاریخ پڑھ کے دیکھ لو تم میرے شہر کی
دنگے نہیں ہوئے کبھی بلوہ نہیں ہوا
اس نے بتائی ساتھ میں ہیں چهٹیاں ابھی
دوچار دن ہی بیتے ہیں ہفتہ نہیں ہوا
طارقؔ ہر ایک موڑ پہ پرکھا ہے آپ نے
اپنا ہی عین وقت پر اپنا نہیں ہوا
بچھڑ کے عشق میں جینا محال ہے کہ نہیں (غزل)
بچھڑ کے عشق میں جینا محال ہے کہ نہیں
کہ ہم نے جی کے دکھایا کمال ہے کہ نہیں
اسے جو دیکھے نظر بھر اسی کا ہو جائے
غضب کا دیکھیے حسن و جمال ہے کہ نہیں
وہ مثل حکم ہی سمجھا ہے خواہش جاناں
یہ خواہشوں کا ہماری وصال ہے کہ نہیں
ذرا سی بات کو اتنا بڑھا دیا تو نے
کہ آبرو کا تجھے کچھ خیال ہے کہ نہیں
اداس چہرے کو پڑھتے ہیں جب جہاں والے
یہ پوچھتے ہیں سبھی بول چال ہے کہ نہیں
کماؤ شوق سے روزی کہیں پہ تم لیکن
خیال رکھنا ہے لازم حلال ہے کہ نہیں