طارق ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لب خموش مرا بات سے زیادہ ہے (غزل)
لب خموش مرا بات سے زیادہ ہے
ترا فراق ملاقات سے زیادہ ہے
یہ اک شکست جو ہم کو ہوئی محبت میں
زمانے بھر کی فتوحات سے زیادہ ہے
بہت ہی غور سے سنتا ہوں دل کی دھڑکن کو
یہ اک صدا سبھی اصوات سے زیادہ ہے
امید بھی ترے آنے کی آج کم ہے ادھر
یہ دل کا درد بھی کل رات سے زیادہ ہے
میں اس سے عشق تو کر بیٹھا ہوں مگر طارقؔ
یہ سلسلہ مری اوقات سے زیادہ ہے
قلم کباڑ میں دے دی کتاب ردی میں (غزل)
قلم کباڑ میں دے دی کتاب ردی میں
فروخت کر دیے آنکھوں نے خواب ردی میں
عجب نہیں جو مرا حرف بھی ہے بے توقیر
سخن پڑے ہیں یہاں بے حساب ردی میں
کچھ اس طرح دیا ترتیب عاقبت کا گھر
گناہ شیلف پہ رکھے ثواب ردی میں
مہک رہے ہیں عجب طور فالتو کاغذ
کسی نے پھینکے ہوں جیسے گلاب ردی میں
میں اب کی بار جو اخبار پھینکنے کو گیا
عجب دکھائی دیا اضطراب ردی میں
حیات و موت کے رد و قبول میں ہے جو پیر
گزارا کوڑے پہ بچپن شباب ردی میں
تمام شہر میں طارقؔ بڑی تلاش کے بعد
میں خود کو ہو ہی گیا دستیاب ردی میں