پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق بٹ کی غزلیں — Tariq Butt Ghazals

طارق بٹ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہی آہٹیں در و بام پر وہی رت جگوں کے عذاب ہیں (غزل)

وہی آہٹیں در و بام پر وہی رت جگوں کے عذاب ہیں

وہی ادھ بجھی مری نیند ہے وہی ادھ جلے مرے خواب ہیں

مرے سامنے یہ جو خواہشوں کی ہے دھند حد نگاہ تک

پرے اس کے جانے حقیقتیں کہ حقیقتوں کے سراب ہیں

مری دسترس میں کبھی تو ہوں جو ہیں گھڑیاں کیف و نشاط کی

ہے یہ کیا کہ آئیں ادھر کبھی تو لگے کہ پا بہ رکاب ہیں

کبھی چاہا خود کو سمیٹنا تو بکھر کے اور بھی رہ گیا

ہیں جو کرچی کرچی پڑے ہوئے مرے سامنے مرے خواب ہیں

یہ نہ پوچھ کیسے بسر کیے شب و روز کتنے پہر جیے

کسے رات دن کی تمیز تھی کسے یاد اتنے حساب ہیں

انہیں خوف رسم و رواج کا ہمیں وضع اپنی عزیز ہے

وہ روایتوں کی پناہ میں ہم انا کے زیر عتاب ہیں

ابھی زخم نو کا شمار کیا ابھی رت ہے دل کے سنگھار کی

ابھی اور پھوٹیں گی کونپلیں ابھی اور کھلنے گلاب ہیں

بھولی ہوئی راہوں کا سفر کیسا لگے گا (غزل)

بھولی ہوئی راہوں کا سفر کیسا لگے گا

اب لوٹ کے جائیں گے تو گھر کیسا لگے گا

ہنگامۂ ہستی سے نمٹ کر جو چلیں گے

وہ نیند کا خاموش نگر کیسا لگے گا

اس نے تو بلایا ہے مگر سوچ رہا ہوں

محفل میں کوئی خاک بسر کیسا لگے گا

اندھے ہیں جو دنیا کی چکا چوند سے ان کو

سورج کا سوا نیزے پہ سر کیسا لگے گا

جس روز کہ خوابوں میں کوئی شکل نہ ہوگی

بے چہرگیٔ خواب سے ڈر کیسا لگے گا