طارف نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چار دن کی بہار ہے دنیا (غزل)
چار دن کی بہار ہے دنیا
موت کا انتظار ہے دنیا
تو کہاں میری بات سمجھے گا
تیرے سر پر سوار ہے دنیا
زندگی جس پہ چلتی رہتی ہے
ایسے خنجر کی دھار ہے دنیا
جیت ہوگی تمہاری نظروں میں
میری نظروں میں ہار ہے دنیا
میکدے جا کے دیکھیے صاحب
کس قدر دین دار ہے دنیا
یہ تجھے کیا قرار بخشے گی
جب کہ خود بے قرار ہے دنیا
کیسے کیسے کو کھا گئی ہے تو
کچھ ترا اعتبار ہے دنیا
کیوں چلاتا ہے رات دن اس کو
کیا کوئی کاروبار ہے دنیا
تو ہمارے در سے جب بھی در بدر ہو جائے گی (غزل)
تو ہمارے در سے جب بھی در بدر ہو جائے گی
ساری دنیا کو ترے غم کی خبر ہو جائے گی
انٹری جب بھی مری ہوگی تمہاری فلم میں
بے اثر جو ہے کہانی با اثر ہو جائے گی
جس کی خاطر گھر بنانے میں لگے ہو رات دن
ایک دن یہ زندگی بھی در بدر ہو جائے گی
آج تم سے مل رہا ہوں مدتوں کے بعد میں
دیکھنا یہ رات کتنی مختصر ہو جائے گی
دیکھنا اس پل بہت دھیرے سے آ جائے گی موت
یہ ہماری زندگی جب معتبر ہو جائے گی
آئی لو یو مسکرا کر کہنے بھر کی دیر ہے
مدتوں کی اک کہانی مختصر ہو جائے گی