پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ترنم شبیر کی غزلیں — Tarannum Shabbeer Ghazals

ترنم شبیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چاندنی رات میں اس نے مجھے تنہا رکھا (غزل)

چاندنی رات میں اس نے مجھے تنہا رکھا

چاند سے باتیں ہوئیں مجھ کو ترستا رکھا

اپنے غم خانے کو یادوں سے سجایا ہم نے

نیند سے پھر نہ کبھی خواب کا رشتہ رکھا

وہ جو کہتا تھا کبھی ساتھ نہ چھوڑے گا مرا

اس نے سورج کی طرح مجھ کو بھی جلتا رکھا

تلخ سوچیں ہیں کہ ہر بار بھٹک جاتی ہیں

اس محبت نے بھی ہم کو نہ کہیں کا رکھا

اے دل خستہ میں مانگوں بھی تو کیا تیرے لیے

تو نے خود ہی تو زمانے سے جدا سا رکھا

اٹھ کھڑی ہوتی ہے ہر بار بغاوت کر کے

نام بیٹی کا بھی جس ماں نے ملالہ رکھا

وہ جو موسم کی طرح خود کو بدل لیتا تھا

مجھ سے رشتہ بھی کچھ اس نے تھا ہوا سا رکھا

پھر مرے شہر کی فٹ پاتھ پہ تصویر بنی

ماں کی آغوش میں بیٹے کا ہے لاشہ رکھا

اب تو قسمت سے شکایت نہ زمانے سے گلہ

دکھ تو یہ ہے کہ مجھے تو نے ہی رسوا رکھا

دے دے خیرات محبت کی کبھی تو بھی مجھے

سامنے تیرے مرے دل کا ہے کاسہ رکھا

جب بھی تنقید کسی پر کبھی کرنا چاہی

سامنے دل کے خود اپنا بھی سراپا رکھا

ماہ و انجم کی ضیا بھی ہو مقدر اس کا

زیست میں جس نے مری آج اندھیرا رکھا

شہر دل میں ہی بسایا ہے نشیمن اپنا

گھر کے نقشے میں تری یاد کا نقشہ رکھا

صحن گلشن میں نئے پھول کھلا کرتے ہیں

اک ترا نام ترنمؔ نے جو غنچہ رکھا

وہ جو خاموش ہے سہما ہوا لگتا ہے مجھے (غزل)

وہ جو خاموش ہے سہما ہوا لگتا ہے مجھے

جانے کیا بات ہے بدلا ہوا لگتا ہے مجھے

چھوڑ کے سب کو مرے پاس وہ آ بیٹھا مگر

پیار کرتے ہوئے ڈرتا ہوا لگتا ہے مجھے

اس کی سانسوں میں تپش ہے نا حرارت کوئی

پھر بھی اک آگ میں جلتا ہوا لگتا ہے مجھے

ایک مدت ہوئی ہجراں کی نہیں آگ جلی

پھر بھی دل اپنا جھلستا ہوا لگتا ہے مجھے

بھول بیٹھی ہوں زمانے سے مگر یادوں میں

دل ترنمؔ کا مچلتا ہوا لگتا ہے مجھے

مزید غزلیں از ترنم شبیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں