پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ترنم ریاض کی غزلیں — Tarannum Riyaz Ghazals

ترنم ریاض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے دیوار و در آنسو مرا رخت سفر آنسو (غزل)

مرے دیوار و در آنسو مرا رخت سفر آنسو

ترا دامن نہ ہوگا گر تو جائیں گے کدھر آنسو

پلٹ آئی دعا پھر کیوں کوئی خورشید مانگا تھا

مگر کیا عرش تک جاتے مرے بے بال و پر آنسو

وہ پتھر دل مجھے محفل میں ہنستے دیکھ حیراں تھا

میں دانستہ ہی رکھ آئی تھی اس دن اپنے گھر آنسو

ہوا تھی ایسی غصیلی کہ بادل لے اڑی سارے

یہ غم سہنے میں سوکھے ہیں زمیں کے کس قدر آنسو

شب تنہا نظر آتا ہے تجھ میں عکس یہ کس کا

مری آنکھوں میں رہتا ہے تو میری فکر کر آنسو

بیکسی کا عالم ہے عاجزی کا موسم ہے (غزل)

بیکسی کا عالم ہے عاجزی کا موسم ہے

تم بدل گئے ہم پر جاں کنی کا موسم ہے

ہاتھ اٹھائے شاخوں نے سرنگوں ہیں گل غنچے

سرمئی یہ نوری صبح بندگی کا موسم ہے

بادلوں کی چادر سی اوڑھ لی درختوں نے

کچھ گھڑی کو آ جاؤ شاعری کا موسم ہے

گنگناتے طائر بھی نوحہ خواں سے لگتے ہیں

سوگوار سا ہی کچھ آج جی کا موسم ہے

محبوب کی مانند اٹھلائے (نظم)

محبوب کی مانند اٹھلائے

معشوق کی صورت شرمائے

ہریالی کا آنچل اوڑھے

ہر شاخ ہوا میں رقصاں ہے

میں پیار بھری نظروں سے انہیں

مسکاتی دیکھے جاتی ہوں

شاموں میں پیڑوں کو تکنا

ہے میری نظر کی عیاشی

مزید غزلیں از ترنم ریاض ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں