پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق انصاری کی غزلیں — Tariq Ansari Ghazals

طارق انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جاگنا اپنا نہ سونا اپنا (غزل)

جاگنا اپنا نہ سونا اپنا

رات کانٹوں کا بچھونا اپنا

بزم بھی اس کی نظر بھی اس کی

اپنا ہونا بھی نہ ہونا اپنا

جستجو ہے تری یہ جان کے بھی

تجھ کو پا لینا ہے کھونا اپنا

ہار جانا وہی حالات سے پھر

رات دن پھر وہی رونا اپنا

اس پہ چل جائے کسی دن طارقؔ

کوئی منتر کوئی ٹونا اپنا

اک ضبط کہ جو حد سے گزرنے نہیں دیتا (غزل)

اک ضبط کہ جو حد سے گزرنے نہیں دیتا

مرنا کوئی چاہے بھی تو مرنے نہیں دیتا

کتنے ہیں مجھے کام جو کرنے نہیں دیتا

یہ وقت تو اک زخم بھی بھرنے نہیں دیتا

یہ جذب طلب کہ ہے جو اب راہ طلب میں

منزل پہ پہنچ کر بھی ٹھہرنے نہیں دیتا

یہ حال کا احساں ہے جو ماضی کا کوئی نقش

اب آئنۂ دل پہ ابھرنے نہیں دیتا

اک غم ہے کسی کا جو کسی حال میں طارقؔ

شیرازۂ ہستی کو بکھرنے نہیں دیتا

مزید غزلیں از طارق انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں