تقی ککراوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں ہوں مریض عشق دوائی نہ دے مجھے (غزل)
میں ہوں مریض عشق دوائی نہ دے مجھے
اس غم کی لذتوں سے رہائی نہ دے مجھے
کیف و سرور تیرا چڑھے مجھ پہ اس قدر
تیرے علاوہ کچھ بھی دکھائی نہ دے مجھے
مصروف کر دے اپنی عبادت میں اس قدر
دنیا کا شور و غل بھی سنائی نہ دے مجھے
مشکل بڑا ہے خود کے ہی غم کو سنبھالنا
رب سے دعا ہے پیر پرائی نہ دے مجھے
لگ جا گلے سے آ کے مرے اب خوشی خوشی
کر کے وداع رنج جدائی نہ دے مجھے
خبر ملی کہ ہمیں وہ بھلائے بیٹھے ہیں (غزل)
خبر ملی کہ ہمیں وہ بھلائے بیٹھے ہیں
ہم اپنا تب سے کلیجہ دبائے بیٹھے ہیں
بہت اداس ہے اس وقت سے یہ دل میرا
سنا ہے جب سے وہ مہندی لگائے بیٹھے ہیں
تمہارے آنے کی امید کا چراغ لیے
تمہاری راہ میں پلکیں بچھائے بیٹھے ہیں
انہیں خبر ہوئی آنے کی میرے تب سے وہ
اک آسمان سا سر پہ اٹھائے بیٹھے ہیں
ذرا ادھر بھی ہو اک چشم التفات تری
دوانے در پہ ترے سر جھکائے بیٹھے ہیں
بغیر تیرے چمک ہی نہیں ہے محفل میں
چراغ جتنے تھے ہم سب جلائے بیٹھے ہیں
مزاج ان کا ابھی تک نہیں سمجھ پائے
تقیؔ وہ چہرے کا رخ کیوں گھمائے بیٹھے ہیں