تقی عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس کو صدا کروں کہ کوئی ہم نوا نہیں (غزل)
کس کو صدا کروں کہ کوئی ہم نوا نہیں
کس موڑ پر کھڑا ہوں مجھے خود پتہ نہیں
اتنا گرایا مجھ کو غم روزگار نے
میں آسمان کے بھی برابر رہا نہیں
وہ آنسوؤں میں مجھ کو بہا کر چلے گئے
سیلاب میری آنکھ کا لیکن رکا نہیں
نور نظر ہی بن گیا اب آنسوؤں کا تار
آنکھوں سے تیرا نقش جدا تو ہوا نہیں
احباب آ گئے ہیں تقیؔ دفن کے لئے
کس نے کہا کہ دوست ترے با وفا نہیں
ذرے ذرے میں نظر آئی حقیقت تیری (غزل)
ذرے ذرے میں نظر آئی حقیقت تیری
عرش اور فرش کی ہر چیز ہے آیت تیری
دل سے تسلیم و یقیں کرنا ہے طاعت تیری
کلمۂ حق میں ہے پوشیدہ شہادت تیری
گنبد بے در و دیوار مصلیٰ تیرا
ذرہ ذرہ یہاں کرتا ہے عبادت تیری
شیر مادر پہ کسی بچے کا حق ہو جیسے
میرے حصے میں ہے اس طرح سے رحمت تیری
رہ کے دنیا میں تری تجھ سے بغاوت جو کریں
ان پہ بھی رہتی ہے دن رات عنایت تیری
چاند سورج تری تسبیح کے دانوں کی طرح
گردش چرخ میں کرتے ہیں عبادت تیری
ترے ہر نام کا ہر حرف مرا حرف دعا
انہیں حرفوں سے ملی مجھ کو ہدایت تیری
گردش چرخ ہے قبضہ میں انہیں بندوں کے
زیر شمشیر جو کرتے ہیں عبادت تیری
کیوں نہ رحمان کا محبوب ہو رحمت والا
دوست کے ہاتھ سے ہوتی ہے عنایت تیری
ایسی نورانی نظر دے دے تقیؔ کو مولا
جس سے وہ کرتا رہے ہرجا زیارت تیری