تارا اقبال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
فیصلہ ہی غلط کیا میں نے (غزل)
فیصلہ ہی غلط کیا میں نے
خود ترا ہجر چن لیا میں نے
کوئی شکوہ گلہ کیا میں نے
جو دیا تو نے رکھ لیا میں نے
جب بھی یاد آئے درد کے پنچھی
اک پرندہ رہا کیا میں نے
کس قدر دیکھ جذب ہوں تجھ میں
تو نے سوچا تو سن لیا میں نے
پھر ادھیڑوں گی درد کے سوئیٹر
خواب ہی ایسا بن لیا میں نے
چشم بینا پہ ہے اثر ترا
عکس آنکھوں میں بھر لیا میں نے
اب تسلی سے بات کرتے ہیں
خواہشوں کو سلا دیا میں نے
اب نہ تیری سنوں گی میں تاراؔ
تیرا اب تک کہا کیا میں نے
ہم سفر تھا ہی نہیں رخت سفر تھا ہی نہیں (غزل)
ہم سفر تھا ہی نہیں رخت سفر تھا ہی نہیں
کچھ گنوانے کا مجھے خوف و خطر تھا ہی نہیں
مجھ کو ہر شام جہاں لے کے توقع آئی
در و دیوار تو موجود تھے گھر تھا ہی نہیں
انگلیاں زخمی ہوئیں تب مجھے احساس ہوا
دستکیں دی تھیں جہاں پر وہاں در تھا ہی نہیں
مجھ سے ہی پوچھا کیے میرے بکھرنے کا سبب
اہل دانش میں کوئی اہل نظر تھا ہی نہیں
دھول اڑائی جہاں خوابوں میں مسلسل میں نے
کسی نقشے میں کہیں پر وہ نگر تھا ہی نہیں
کس پہ الزام رکھیں کس پہ لگائیں تہمت
میری مٹی میں سمٹنے کا ہنر تھا ہی نہیں
یاد اک شخص تھا اک نام ہی ازبر تاراؔ
سوا اس کے کوئی تا حد نظر تھا ہی نہیں