تنویر غازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کی آنکھوں میں محبت کی چمک آج بھی ہے (غزل)
اس کی آنکھوں میں محبت کی چمک آج بھی ہے
اس کو حالانکہ مرے پیار پہ شک آج بھی ہے
ناؤ میں بیٹھ کے دھوئے تھے کبھی ہاتھ اس نے
سارے تالاب میں مہندی کی مہک آج بھی ہے
میری اک شرٹ میں کل اس نے بٹن ٹانکا تھا
شہر کے شور میں چوڑی کی کھنک آج بھی ہے
اسے کھو کر بھی نہ کھونے کی خوشی اب نہ رہی
اسے پا کر بھی نہ پانے کی کسک آج بھی ہے
زخم سب سوکھ گئے ہیں مرے مرہم کے بنا
میرے اک دوست کی مٹھی میں نمک آج بھی ہے
پھر دل کے آئنے میں اترنے لگی ہو تم (غزل)
پھر دل کے آئنے میں اترنے لگی ہو تم
شیشے کی دھول اڑا کے سنورنے لگی ہو تم
میرے لئے تو پنکھ سے ہلکی ہو آج بھی
کچھ لوگ کہہ رہے تھے کہ بھرنے لگی ہو تم
یہ روپ یہ لچک یہ چمک اور یہ نمک
شادی کے بعد اور نکھرنے لگی ہو تم
میں کوئلے کی طرح سلگنے لگا ہوں جان
لوبان کے دھوئیں سی بکھرنے لگی ہو تم
اکثر میں دیکھتا ہوں کہ شیشے کے شہر سے
پتھر کی پالکی میں گزرنے لگی ہو تم
کس سے کہوں کہ روح کے کاغذ پے آج کل
چنگاریوں کی طرح ٹھہرنے لگی ہو تم
گیلی ہے میری آنکھ تو کیا دل کے دیس میں
پانی کے راستے سے اترنے لگی ہو تم