پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تنویر مونس کی غزلیں — Tanveer Monis Ghazals

تنویر مونس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تری چال دھن تری سانس سر مرے دل کو آ کے سنبھال بھی (غزل)

تری چال دھن تری سانس سر مرے دل کو آ کے سنبھال بھی

جو یہ جل ترنگ ذرا بجا تو یہ ڈال دے گا دھمال بھی

نہ اچھال جھیل میں کنکری کہ یہ خوفناک سا کھیل ہے

اسی کھیل میں نہ اتر پڑے تری آنکھ پر یہ وبال بھی

کئی لوگ مورچہ بند خوف کی ریت میں ہیں کرم کرم

ترے ہاتھ میں یہ جو سنگ ہے کسی سمت اس کو اچھال بھی

اے مکرتی آنکھ عداوتیں تو قیام بھی ہیں ثبات بھی

ترے ساتھ دشمنی اک طرف نہیں دوستی کی مجال بھی

ترے ترک راہ کے فیصلے کا جواز میں نہیں مانگتا

مگر آنے والا کوئی تو وقت اٹھائے گا یہ سوال بھی

ید بیضا کی تو ہے مالکن اے سفید سنگ کی مورتی

تری آنکھ دریائے نیل ہے مری رات کوئی نکال بھی

ردائے سنگ اوڑھ کر نہ سو گیا ہو کانچ بھی (غزل)

ردائے سنگ اوڑھ کر نہ سو گیا ہو کانچ بھی

حریم زخم لازمی ہے خیر و شر کی جانچ بھی

گئے برس کی راکھ جس کو دان کی تھی آ گیا

اسی ندی سے غسل کر کے دو ہزار پانچ بھی

محاورے کی رو سے جانچئے تو وہ سراب ہے

میں سانچ بھی نہیں نہیں ہے اس بدن کی آنچ بھی

بھرم ذرا سا مستیوں کا رکھ کہ ہم ہیں گھات میں

غزال مست چشم ہو ادھر کو اک قلانچ بھی

اک طرف تیرے لب (نظم)

اک طرف تیرے لب

تیری آنکھوں میں جلتے چراغوں کی لو

تیرے عارض پہ کرنوں کا بڑھتا ہجوم

تیرا جھلمل بدن تیری رنگیں صبا اور ان کے سوا

سارے رنگوں کی موت

سب صداؤں کے سکتے پہ گریہ کناں

بس تری اک صدا

اور اک وار اور زہر کا ایک جام

دوسری سمت ہیں

روشنی رنگ کرنیں صدائیں ادائیں بدن ہی بدن

ایک تیرے سوا

لاکھ رنگین لب

اور آنکھوں میں جلتے ہزاروں دیئے

کچھ تقاضے بھی اور چند محرومیاں

من میں گوندھی ہوئی چند مجبوریاں

اک طرف وار اور زہر کا ایک جام

دوسری سمت کرنیں ادائیں بدن ہی بدن

فیصلہ صاف ہے

جان مجبور ہوں

میں نہ سقراط ہوں

اور نہ منصور ہوں

مزید غزلیں از تنویر مونس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں