پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تنویر انجم کی غزلیں — Tanveer Anjum Ghazals

تنویر انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی وہ مثل گل مجھے مثال خار چاہئے (غزل)

کبھی وہ مثل گل مجھے مثال خار چاہئے

کبھی مزاج مہرباں وفا شعار چاہئے

جبین خود پسند کو سزائے درد یاد ہو

سر جنون کوش میں خیال دار چاہئے

فریب قرب یار ہو کہ حسرت سپردگی

کسی سبب سے دل مجھے یہ بے قرار چاہئے

غم زمانہ جب نہ ہو غم وجود ڈھونڈ لوں

کہ اک زمین جاں جو ہے وہ داغ دار چاہئے

وہ آزمائش جنوں وہ امتحان بے خودی

وہ صحبت تباہ کن پھر ایک بار چاہئے

شہروں کے سارے جنگل گنجان ہو گئے ہیں (غزل)

شہروں کے سارے جنگل گنجان ہو گئے ہیں

پھر لوگ میرے اندر سنسان ہو گئے ہیں

ان دوریوں کی مشکل آنکھوں میں بجھ گئی ہے

ہم آنسوؤں میں بہہ کر آسان ہو گئے ہیں

ایسی خموشیاں ہیں سب راستے جدا ہیں

الفاظ میں جزیرے ویران ہو گئے ہیں

تم برف میں نہ جانے کب سے جمے ہوئے ہو

ہم جانے کس ہوا کا طوفان ہو گئے ہیں

جسموں کی سردیوں میں پھر جل گئے ہیں رشتے

سب ایک دوسرے کے مہمان ہو گئے ہیں

لوگ سمجھتے ہیں (نظم)

لوگ سمجھتے ہیں

تمہارا ایک ہی نام ہے

مگر میں جانتی ہوں ایسا نہیں ہے

میں تو رکھ لیتی ہوں ہر روز

تمہارا ایک نیا نام

لو آج میں رکھ دیتی ہوں تمہارا نام

فوٹو گرافر

تو اپنے نام کے مطابق

تم اتارو تصویروں میں

اپنی آنکھیں، ناک، رخسار اور ہونٹ

اور ای میل کرتے رہو مجھے

تاکہ میں اتارتی رہوں

تم پر سے نظر بند

اور دکھاؤ اپنی مسکراہٹ، ہنسی اور قہقہے

تاکہ میں دکھا سکوں سب کو

تمہاری خوشی

اور دکھاؤ اپنے آنسو

تاکہ میں انہیں تصویر ہی سے پونچھ دوں

اور کوئی دوسرا نہ دیکھے

اپنے نام کے مطابق

بناؤ ان سب کی تصویریں

جن سے تمہیں محبت ہے

تاکہ میں گنتی رہوں انہیں

اور رکھوں نظر

ان کی بڑھتی یا گھٹتی ہوئی تعداد پر

اور غور کرتی رہوں

ان کے خد و خال سے ظاہر

ان کے کردار پر

اور چونکہ تم نہیں اتار سکتے

بہت دور سے

میری تصویر

مانگ لو مجھ سے میری ایک تصویر ای میل سے

اور اپنی مہارت سے

اسے اوپر سے جوڑ دو

کسی ایسی تصویر میں

جو تھوڑی سی خالی ہو

مزید غزلیں از تنویر انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں